محمد بن زاید کا پاسپورٹ کو بلندترین عالمی درجہ ملنے پر سفارتکاری کو خراج تحسین

ابوظہبی ، 4 دسمبر ، 2018 (وام) ۔۔ ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید ال نھیان سے عرب امارات کی وزارت خارجہ کی یواے ای پاسپورٹ پاور ٹیم نے ملاقات کی ، اس موقع پر وزیرخارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید ال نھیان بھی موجود تھے ۔ شیخ محمد بن زاید نے عرب امارات کے پاسپورٹ کو دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ بنانے میں ٹیم کے کردار کو بھرپور سراہا اور عبداللہ بن زاید کی قیادت میں اس ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہاکہ اماراتی پاسپورٹ کو دنیا کا نمبر ایک پاسپورٹ بنانا ، قومی کامیابیوں میں ایک اہم اضافہ ہے اور شیخ زاید کے سال میں اور 47ویں قومی دن پر اس کی خوشی دوبالا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اماراتی پاسپورٹ کو ملنے والا یہ منفرد عالمی اعزاز صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید کی قیادت میں عرب امارات کی سفارتی کامیابیوں کا ثبوت ہونے کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر عرب امارات کی عزت اور تکریم میں اضافے کا باعث بھی ہے ۔ وزارت خارجہ کے شعبہ پاسپورٹ کی ٹیم نے عرب امارات کی قیادت سے ملنے والی ستائش پر بھرپور شکریہ ادا کیا ۔ اس ملاقات کے موقع پر الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائیندہ عت مآب شیخ حمدان بن زاید ال نھیان اور دیگر اعلی شخصیات بھی موجود تھیں ۔ عرب امارات کے پاسپورٹ کو دنیا بھر میں اول درجہ ملنے کے نتیجے میں اب اس پاسپورٹ کے حامل افراد دنیا کے 163 ممالک میں جانے سے پہلے بغیر ویزا لئے سفر کرسکتے ہیں ۔ سنگاپور اور جرمنی کے بعد عرب امارات کے شہری دنیا کے سب سے زیادہ ممالک میں بغیر ویزا لیئے جانے کے اہل ہوچکے ہیں ۔ ترجمہ ۔ تنویر ملک

http://wam.ae/en/details/1395302725134

WAM/Ginny Delafuente