ہلال احمر متحدہ عرب امارات کا یمن کے صوبے تعز میں سڑک کی تعمیر نو کا منصوبہ شروع

تعز، 8 جنوری 2019 (وام) ۔۔ ہلال احمر متحدہ عرب امارات نے یمن کے صوبے تعز کے ضلعے اسلوا میں تھوبائی، النوقیلہ، القارف، الحوبین اورالجاما کے گاؤں کو ملانے والی سڑک کی تعمیر نو کا منصوبہ شروع کردیا ہے۔

منصوبے کے تحت اس 4 کلومیٹر سڑک کو 25 کلو میٹر تک بڑھا دیا گیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کی مشکلات کم ہونے میں مدد ملے گی۔ سڑک میں ٹوٹ پھوٹ کئی ٹریفک حادثات کا باعث بنتی تھی۔

سڑک پر کام شروع کرنے کی افتتاحی تقریب میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد اور المواسط ضلعے کی مقامی کونسل کے رکن عارف الیوسفی نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 35 ویں آرمرڈ بریگیڈ کے کمانڈر اسٹاف بریگیڈیر عدنان الحمادی نے کہا کہ یہ سڑک ان دیہاتوں کیلئے رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔

السلوا ضلعے کے ڈائریکٹر کرنل عبدالجلیل غرسان نے کہا کہ سڑک کی تعمیر کا مقصد مقامی لوگوں کو کئی سال سے درپیش مشکلات کو کم کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سڑک السلوا، المواسط اور صامی اضلاع کے درمیان رابطہ قائم کرکے سفر کو بہتر بنا دے گی۔

تعز میں ہلا ل احمر متحدہ عرب امارات کے نمائندے ڈاکٹر حشام الحمادی نے کہا کہ یہ منصوبہ 2019 کے رواداری کے سال میں ہلال احمر کی طرف سے پہلا منصوبہ ہے۔ اس کے بعد یمن میں خدمات اور ترقیاتی منصوبوں کا ایک سلسلہ شروع ہو گا جن کا مقصد یمن میں معمول کی زندگی کو بحال کرنا ہے۔

 

ترجمہ: ریاض خان 

 

http://wam.ae/en/details/1395302731210

WAM/Ahlam Al Mazrooi