پوپ فرانسس اور ڈاکٹر احمد الطیب نے لوو ابوظہبی کے مذہبی فن پاروں کا مشاہدہ کیا

ابوظہبی،5 فروری، 2019 (وام)۔۔کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس اور الازہر الشریف کے امام اکبر فضیلت مآب ڈاکٹر احمد الطیب نے ابوظہبی کے ولی عہد اور امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی موجودگی میں لوو میوزیم ابوظہبی کے مذہبی فن پارے دیکھے جن کا تعلق دنیا بھر کی مختلف ثقافتوں سے تھا۔

اس موقع پرہونے والی تقریب میں وزیر برائے امور خارجہ وبین الاقوامی تعاون عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان اور وزیر مملکت زکی نسیبة بھی موجود تھے۔ ابوظہبی کے محکمہ ثقافت وسیاحت کے چیئرمین محمد خلیفہ المبارک نے فن پاروں بارے پوپ فرانسس اور ڈاکٹر احمد الطیب کو بریفنگ دی۔

یہ فن پارے انتہائی قیمتی خیال کئے جاتے ہیں جن میں انسانی تاریخ کے مختلف مذہبی ادوار سے تعلق رکھنے والی مقدس چیزیں شامل ہیں۔ان میں قرون وسطی کی حضرت عیسی کی ایک پینٹنگ(20-1515اے ڈی)مقدس کتب کا مجموعہ، جس میں مملوک دور(1250-1300 اے ڈی) کاقران مجید،تورات(1498اے ڈی)،گوتھک انجیل(1250-1280اے ڈی)اور انتہائی نایاب بلیو قران (800-1000اے ڈی)کے چار اوراق شامل تھے۔مذہبی رہنماوں کو میوزیم کی یونیورسل مذاہب کی گیلری بارے بھی بریفنگ دی گئی.

 

ترجمہ۔تنویرملک

 

http://wam.ae/en/details/1395302737292

WAM/