پچھتر کروڑ ڈالر کے سکوک کا مثالی اجراء ، ڈی آئی بی نے ناسداک دبئی میں کاروبار کا آغاز کیا

دبئی ، 6 فروری ، 2019 (وام) ۔۔ ناسداک دبئی میں آج کاروبار کا آغاز دبئی اسلامک بنک "ڈی آئی بی" کی طرف سے کیا گیا جسے اس کے 750 ملین ڈالر کے سکوک کے کامیاب ترین اجراء سے منسوب کیا گیا ہے .

 

ان سکوک پر سالانہ سوا چھ فیصد کے شرح منافع ہے اور مارکیٹ میں اسکی فروخت 4 اعشاریہ9 گنا زائد رہی جس میں 40 فیصد سے زائد سرمایہ مشرق وسطی سے باہر کے تھے ۔ چھ سالہ معیاد پر دیئے جانے والے یہ سکوک خلیج تعاون کونسل خطہ میں 2019ء کا پہلا ہائبرڈ کیپیٹل اجراء ہے .

 

دبئی اسلامک بنک سکوک اجراء میں ، عرب امارات کا نمایاں بنک ہے جس کے جاری سات طرز کے حصص کی مالیت 6 ارب ڈالر ہے اور اس میں حالیہ جاری سکوک بھی شامل ہے .

 

بنک کے گروپ چیف اگزیکٹو ڈاکٹر عدنان شیلوان کا کہناہےکہ سکوک میں سرمایہ کاروں کی اتنی بڑی دلچسپی کا اظہار بنک کی مضبوط عالمی ساکھ کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے اس امر پر بھی مسرت کا اظہار کیاکہ عرب امارات کی کیپیٹل گائیڈ لائنز کے تناظر میں ان سکوک نے بیس تھری میں سوا 6 فیصد کی کم ترین شرح حاصل کرکے نمایاں پیشرفت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انکا بنک مثبت مالی کارکردگی اور منصوبوں میں سرمایہ کار طبقہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا .

 

ناسداک دبئی کے چیئرمین عبدالواحد الفہیم کا کہناہےکہ دبئی اسلامک بنک کے ساتھ مضبوط کامیاب تعاون اسلامی سرمایہ کاری میں دبئی کے اداروں کے نمایاں کردار کی مثال ہے ، دبئی کو اسلامی بنکاری اور اسلامی سرمایہ کاری میں فروغ دلانے کیلئے ہم پرعزم ہیں اس عمل کا کریڈٹ عرب امارات کے نائب صدر ، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے ویژن کیلئے ہے .

 

دبئی کی ایکسچینج میں سکوک کی کل مالیت اب 61 ارب 14 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور یہ کسی بھی ملک میں ایسی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے .

 

ناسداک دبئی کے چیف ایگزیکٹو حمد علی کا کہناہےکہ سکوک کے اس کامیاب اجراء نے اسلامی سرمایہ کاری میں ڈی آئی بی کی اعلی ساکھ اور مہارت کو ثابت کیا ہے اور توقع ہے کہ شرعی سرمایہ کاری کیلئے مستقبل میں دبئی ایکسچینج مارکیٹ اور ڈی آئی بی کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا .

 

ناسداک دبئی میں ڈی آئی بی کی جانب سے 750 ملین ڈالر مالیت کے سکوک 22 جنوری 2019ء کو جاری ہوئے تھے ۔ ان میں 62 فیصد مشرق وسطی کے سرمایہ کاروں کیلئے ، 19 فیصد یورپی سرمایہ کاروں کیلئے 18 فیصد ایشیائی اور ایک فیصد امریکی آفشور سرمایہ کاروں کیلئے مختص تھے .

 

ترجمہ ۔ تنویرملک .

 

http://wam.ae/en/details/1395302737594

WAM/Rola Alghoul