متحدہ عرب امارات اور پاکستان کاجاب مارکیٹ میں تعاون پر غور


دبئی، 6 فروری، 2019 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے انسانی وسائل کے وزیر ناصر بن ثاني الهاملي  اور سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے پاکستان کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار حسین بخاری کے درمیان ملاقات ہوئی.

ملاقات میں افرادی قوت کے شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا.

ملاقات میں ملک کی اسٹریٹجک پالیسیوں، جاب مارکیٹ میں مستقبل کی ضروریات کا اندازہ لگانے اور ورکرز کا استعداد کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ہنر مند افرادی قوت کی موجودہ اور آنے والے دنوں میں ضروریات کو پورا کرنا ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات علم پر مبنی معیشت کے فروغ کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے.

انہوں نے رکن ممالک کے درمیان ماہر افرادی قوت اور اسے دستاویزی شکل دینے کی صورت میں دو طرفہ اور کثیر الجہت تعلقات کے فروغ میں ابو ظبی ڈائیلاگ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں رکن ملکوں کی قومی پالیسیوں کے مطابق افرادی قوت برآمد اور درآمد کرنے والے ممالک کے طور پر تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکنالوجی کی ترقی اور ملازمتوں کے مواقع پر اس کے اثرات کو کم کرنا ہے.

ملاقات میں دونوں ملکوں کے سینئر حکام اور وزارت میں رابطوں اور بین الاقوامی معاملات کے ڈپٹی انڈر سیکرٹری ڈاکٹر عمر النعیمی بھی شریک تھے .

ترجمہ: ریاض خان

http://wam.ae/en/details/1395302737636

WAM/Rola Alghoul