عمران خان حکومتوں بارے عالمی سربراہ اجلاس کو پاکستان کے ویژن سے آگاہ کریں گے


دبئی، 7 فروری، 2019 (وام) ۔۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان دبئی میں حکومتوں کے بارے میں عالمی سربراہ اجلاس (ڈبلیو جی ایس 2019) کے ایک کلیدی سیشن میں حکومتی نمائندوں سے خطاب کریں گے۔ وہ پاکستان کے مستقبل کے لئے اپنے وژن اور خطے اور عالمی سطح پراسکے سماجی و اقتصادی کردار پر روشنی ڈالیں گے.

نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں حکومتوں کے بارے میں ساتویں عالمی سربراہ کانفرنس میں پاکستان کے وزیراعظم کی شرکت اجلاس کے ایجنڈے کی اہمیت کا اظہار ہے.

وزیر اعظم عمران خان انسانی وسائل کی ترقی، متعددشعبوں کی ترقی کیلئے اپنی حکومت کے مقامی سطح پر اور بیرون ملک اقدامات کے حوالے سے شرکاء کو اپنے خیالات سے آگاہ کریں گے۔ ان تمام اقدامات کو مقصد پاکستانی نوجوانوں کے لئے بہتر مستقبل کو یقینی بنانا ہے.

وزیراعظم عمران خان اجلاس میں اپنی حکومت کی ترجیحات پیش کریں گے جن میں انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ پاکستان کی حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ہاوسنگ کے اہم شعبے سمیت دیگر کئی شعبوں کی ترقی کیلئے مختلف منصوبوں کے ذریعے عالمی اقتصادی اور تجارتی نقشے پر ملک کے تشخص کو بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے.

حکومتوں کے بارے میں عالمی سربراہ اجلاس 2019 دبئی کے مدینہ جمیرہ میں 10 سے 12 فروری تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں 140 ممالک سے 4,000 سے زائد ممتاز شخصیات جن میں سربراہان مملکت اور حکومت اور 30 بین الاقوامی تنظیموں کے اعلی حکام شرکت کریں گے.

ترجمہ: ریاض خان

http://wam.ae/en/details/1395302738013

WAM/MOHD AAMIR