متحدہ عرب امارات عالمی اداروں کی مدداور حمایت جاری رکھے گا،شیخ عبداللہ


دبئی،11 فروری، 2019(وام)۔۔وزیر برائے امور خارجہ وبین الاقوامی تعاون عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے دبئی میں جاری ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شریک متعدد حکام سے ملاقات کی ہے۔ملاقاتوں میں انہوں نے عالمی اداروں کی دنیا بھر میں امدادی سرگرمیوں کی حمائت اور مدد کے لئے امارات حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے تہترویں سیشن کی صدر ماریا ایسپی نوزا گارسز کے ساتھ ملاقات میں یواے ای سے متعلقہ یواین ایجنڈا میں شامل متعدد امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے شیخ عبداللہ نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔جس پر جنرل اسمبلی کی صدر کا کہناتھا کہ امارات علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر موثر امدادی کوششوں کے ساتھ اقوام متحدہ سے مثبت تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ شیخ عبداللہ نے فرانس کی آئینی کونسل کے صدر لارنٹ فیبیوس سے بھی ملاقات کی جس میں امارات اور فرانس کے درمیان تعاون اور دوستانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیبیوس نے دونوں ممالک کے درمیان موجود اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے امارات کی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر قائدانہ حیثیت اور خطے میں امن واستحکام کے لئے عالمی برادری کی کوششوں کی حمایت کو سراہا۔امارات کے وزیر خارجہ نے عالمی ادارہ برائے خوراک پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ بیسلے سے بھی ملاقات کی جس میں امارات اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے درمیان مشترکہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔شیخ عبداللہ نے دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی اداروں کی سرگرمیوں کے لئے امارات کی مدد وحمایت کا اعادہ کیا.

 

ترجمہ۔تنویرملک.

 

http://wam.ae/en/details/1395302738624

WAM/