ایف این سی کی سپیکر اور نیوزی لینڈ کی سیکریٹری کا رواداری کے فروغ پر زور


ابوظہبی ، 4 مئی ، 2019 (وام) – وفاقی قومی کونسل کی سپیکر ڈاکٹر امل عبداللہ القبیسی سے عرب امارات کے دورے پر آئی ہوئی نیوزی لینڈ کی سیکریٹری دفاع ہیلن کوئلٹر اور انکے ہمراہ آنے والے وفد نے یہاں ایف این سی کے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی – ایف این سی کی سپیکر نے ملاقات میں پہلے کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والی دہشت گردی کے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اس واقعہ سے نمٹنے میں نیوزی لینڈ کی حکومت کے موثر اقدامات کو بھی سراہا – ڈاکٹر القبیسی نے کہاکہ عرب امارات نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی بحرانوں کو سیاسی انداز میں اور سفارتی سطح پر حل کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ عرب امارات نے ہمیشہ پرامن بقائے باہمی ، معاشروں میں ایک دوسرے کے احترام کے فروغ کیلئے کوششیں کی ہیں ۔ پرامن بقائے باہمی اور رواداری کے فروغ میں عرب امارات ایک مثال بن چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عرب امارات وہ پہلا ملک ہے جس نے رواداری کی وزارت کا قیام کیا تھا ۔ موجودہ سال کو بھی سال رواداری کے طور پر منایا جارہا ہے اور اس تناظر میں پوپ فرانسس اور الازھر کے امام اعظم نے عرب امارات کا تاریخی دورہ کیا تھا – اس ملاقات کے دوران عرب امارات کی خواتین کو بااختیار بنانے اور خصوصا صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید ال نھیان کی طرف سے 2005ء میں ایف این سی کے ذریعے خواتین کو سیاست میں آگے لانے کے اقدام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا – نیوزی لینڈ کی سیکریٹری نے عرب امارات میں خواتین کی ترقی کے اقدام کو بھرپور سراہا اور ایف این سی کے آئیندہ سیشن میں خواتین کو 50 فیصد نمائیندگی دیئے جانے کی بھی بہت تعریف کی ۔ انہوں نے شدت پسندی اور دہشتگردی کیخلاف عرب امارات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ عالمی سطح پر پناہ گزینوں کی امداد اور انسانی فلاح کے کاموں میں بھی عرب امارات کا کردار نمایاں رہا ہے ۔ انہوں نے بحرانوں سے نمٹنے میں سیاسی اقدام اور سفارتکاری کو ترجیح دینے سے متعلق ڈاکٹر القبیسی کے خیالات کی بھی تعریف کی – دونوں ممالک میں تعلقات کے فروغ اور خصوصا سیاسی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس ملاقات میں ایف این سی کے کئی ارکان بھی موجود تھے – ترجمہ ۔ تنویر ملک .

 

http://wam.ae/en/details/1395302760411

WAM/