شارجہ چیمبر کا برازیل سے تجارتی تعاون کے فروغ کا اظہار


شارجہ ، 11 مئی ، 2019 (وام) – شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے چیئرمین عبداللہ سلطان العویس سے یہاں چیمبرز کے ہیڈکوارٹرز میں عرب امارات کیلئے برازیل کے سفیر لوئس لیموس ایکرگا نے ملاقات کی – اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ خصوصا سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے کے اقدامات اور عرب امارات اور برازیل میں دوستانہ روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا – دونوں ممالک میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو اجاگر کرنے کیلئے یکطرفہ اور دوطرفہ بنیادوں پر اقتصادی تقریبات منعقد کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شارجہ چیمبر اور برازیلین سفارتخانہ کے تعاون سے دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک میں تجارتی نمائشوں کے انعقاد کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی - العویس نے بتایا کہ ریو ڈی جنیرو میں جون 2019 کو ہونے والی ورلڈ چیمبر کانگریس میں شارجہ چیمبر بھرپور انداز میں شرکت کرے گا – برازیلین سفیر نے مختلف اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں شارجہ کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے کاروباری طبقہ میں تعاون اور اشتراک کو بڑھانے کیلئے برازیلی سفارتخانہ ، شارجہ چیمبر کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے – عرب خطہ کیلئے برازیلی کی درآمدات 2019 کی پہلی سہہ ماہی میں 3 ارب 15 کروڑ ڈالر کی رہی تھیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں یہ حجم 2 ارب 75 کروڑ ڈالر رہا تھا ۔ عرب برازیلین چیمبر کے اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 795 ملین ڈالر مالیت کی ساڑھ 6 لاکھ ٹن برازیلی اشیاء درآمد کیں ۔ ان میں لوہا ، مکئی ، چینی ، مرغی ، گائے کا گوشت اور طیارے شامل تھے – دونوں کی اس ملاقات میں شارجہ چیمبر کے قائمقام ڈی جی محمد احمد امین ، شارجہ ایکسپو سنٹر کے سی ای او سیف محمد المدفع ، عرب برازیل چیمبر کے انٹرنیشنل بیورو برائے مشرق وسطی و شمالی افریقہ کے سربراہ رافیل سولیمر اور شارجہ چیمبر کے شعبہ عالمی تعاون کی سربراہ فاطمہ المقرب بھی موجود تھیں - ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://www.wam.ae/en/details/1395302761875

WAM/Urdu