دبئی پولیس نےمتحدہ عرب امارات کی تاریخ کی سب سےبڑی منشیات پکڑ لیں

دبئی، 13 مئی، 2019 (وام) ۔۔ دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عبداللہ خلیفہ المیری نے ایک پریس کانفرنس میں متحدہ عرب امارات کی تاریخ کے سب سے بڑے انسداد منشیات کے "آپریشن سٹوکر" کی تفصیلات جاری کر دی ہیں.

 

دبئی پولیس کے انسداد منشیات کے جنرل ڈپارٹمنٹ کے افسران کی طرف سے کئے گئے آپریشن کے نتیجے میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث دو بین الاقوامی گینگ گرفتار کئے گئے۔ یہ گینگ گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کے ذریعے منشیات اسمگل کرتے تھے.

 

میجر جنرل عبداللہ خلیفہ المیری نے کہا کہ آپریشن کے دوران دبئی پولیس نے 278.050 ملین درہم مالیت کی 365 کلو گرام ہیروئن، کرسٹل میتھ اور چرس قبضے میں لے لی۔ یہ متحدہ عرب امارات کی تاریخ میں پکڑی جانے والی منشیات کی سب سے بڑی مقدار ہے۔ انھوں نے کہاکہ آپریشن کے نتیجے میں دونوں گروہوں کے 16 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا.

 

انھوں نے کہا کہ واضح اور درست منصوبہ بندی، اس پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ دبئی پولیس کی انسداد منشیات فورس کے اہلکاروں کی صلاحیتوں کے باعث یہ آپریشن انتہائی کامیاب رہا.

 

میجر جنرل المیری نے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان اور دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کا اس سلسلے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا.

 

انہوں نے ملک میں امن اور سلامتی برقرار رکھنے کے لئے تمام سیکورٹی معاملات کی نگرانی پرنائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید آل نھیان کا بھی شکریہ ادا کیا.

 

ترجمہ: ریاض خان .

 

http://wam.ae/en/details/1395302762350

WAM/Urdu