بیجنگ باغبانی نمائش میں زرعی شعبے کی ترقی میں زاید کے کردار کو اجاگر کیا جارہا ہے


بیجنگ، 14 مئی، 2019 (وام) ۔۔ بیجنگ میں جاری بین الاقوامی باغبانی نمائش میں نیشنل میڈیا کونسل کے زیر انتظام متحدہ عرب امارات کے پویلین میں ملک کی تہزیب وتمدن اور زراعت کے شعبے کی ترقی میں بانی قوم مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی میراث کو اجاگر کیا جارہا ہے.

متحدہ عرب امارات کا پویلین "Live green, live better" کے نعرے کے تحت 7 اکتوبر 2019 تک عوام کے لئے کھلا رہے گا۔ ایکسپو میں تعلیمی اور انٹرایکٹو نمائش کی وسیع اقسام بھی پیش کی گئی ہیں.

متحدہ عرب امارات کی باغبانی کی بین الاقوامی نمائش میں یہ پہلی شرکت ہے جس میں زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کے لئےملک کے بانی شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی ہے.

پویلین میں متحدہ عرب امارات میں زراعت کے شعبے کو ترقی اور فروغ دے کر صحرا کو جدید ترین زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے سرسبز چراہ گاہوں میں تبدیل کرنے کیلئے ملک کی قیادت کی کاوشوں کو اجاگر کیا گیا ہے.

متحدہ عرب امارات کے پویلین میں زراعت کی اہمیت کے حوالے سے بانی قوم مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کے اقوال، تصاویر اور دستاویزی فلم رکھی گئی ہے جس کے ذریعے سیاح متحدہ عرب امارات میں زراعت کے شعبے کی ترقی کے سفر کو دیکھ اور سن سکتے ہیں.

متحدہ عرب امارات کا پویلین 1,850 مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے جس کا 80فیصد باغ پر محیط ہے جس میں سرسبز شاداب چمن، واک وے، کھجور کے 36 اقسام کے درخت اور متحدہ عرب امارات سے 20 دیگر اقسام کے پودوں کے ساتھ ساتھ 10 اقسام کے ڈھائی ہزار پودے رکھے گئے ہیں.

ترجمہ: ریاض خان .

http://wam.ae/en/details/1395302762525

WAM/Urdu