ایف این سی اور سعودی شوری کونسل کی عرب امارات کے علاقائی پانیوں کے نزدیک تجارتی جہازوں کو سبوتاژ کرنے کی مذمت

الریاض، 14مئی، 2019(وام) ۔۔ وفاقی قومی کونسل،ایف این سی، اور سعودی شوری کونسل نے متحدہ عرب امارات کے علاقائی پانیوں کے نزدیک چار سول تجارتی جہازوں کو سبوتاژ کرنے کی کاروائی کی مذمت کی ہے۔الریاض میں ایف این سی کی اسپیکر ڈاکٹر امل عبداللہ القبیسی اور سعودی شوری کونسل کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراھیم آل الشیخ کی درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ بیان جاری کیا گیا.

بیان میں دونوں ممالک کی کونسلز نے کہا کہ یہ اقدام جہازرانی کے تحفظ اور سلامتی کے لئے ایک سنجیدہ خطرہ ہے جس نے علاقائی اور بین الاقوامی امن وسلامتی کو خطرے سے دوچار کردیا ہے،انہوں نے ذمہ داروں کوجوابدہ ٹھہرانے کا بھی مطالبہ کیا.

انہوں نے دوست ممالک کی پارلیمانز اور بین الپارلیمانی یونین،آئی پی یو سے اس اقدام کی مذمت کرنے اور عالمی برادری سے اس جرم کے مرتکب افراد کی شناخت اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا.

ترجمہ۔تنویر ملک.

http://wam.ae/en/details/1395302762568

WAM/Urdu