سیف بن زاید کی زیر صدارت وزارت امکانات کے محکمہ طرز عمل ریوارڈز کا پہلا اجلاس


دبئی، 15مئی، 2019(وام) ۔۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ عزت مآب لیفٹینینٹ جنرل شیخ سیف بن زاید آل نھیان نے وزارت امکانات کے محکمہ طرز عمل ریوارڈز کے پہلے اجلاس کی صدارت کی،جس کا آغاز نائب صدر،وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپریل دوہزار انیس میں کیاتھا.

 

محکمہ طرزعمل ریوارڈز کا مقصد ایک پوائنٹ بیس ریوارڈز سسٹم کے ذریعے مثبت رویوں کو فروغ دینے کی خاطرایک نقطہ نظر تیار کرنا ہے جو سرکاری خدمات کے لئے پے منٹس میں استعمال کیا جاسکتا ہو.

 

عزت مآب لیفٹینینٹ جنرل شیخ سیف نے آئندہ مرحلے کے دوران محکمہ کے لئے ایگزیکٹو ورک پلانز کی منظوری دی جس میں معاشرے پر اثرانداز ہونے والے رویوں کی فہرست کی تیاری،رویوں کو فروغ دینے والی مراعات کی نشاندہی سمیت معاشرے کے تمام طبقات سے رابطوں کے لئے ایک سمارٹ ایپلی کیشن کی تیاری شامل ہے.

 

شیخ سیف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کی زیر قیادت ،عزت مآب شیخ محمد بن راشدآل مکتوم اورعزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کے تخلیقی اقدامات کی بدولت اپنی کامیابیوں کا سفر اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کا عمل جاری رکھے گا.

 

انہوں نے کہا کہ وزارت امکانات کا محکمہ طرزعمل ریوارڈزعرب امارات حکومت کی جانب سے قیادت کے معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دینے کے ویژن کے تحت اٹھایا جانے والا اولین قدم ہے .

 

محکمہ ایک پیمائش کے نظام کے ساتھ مثبت رویوں کی ایک فہرست تیار کرے گا جو پوائنٹس اور انعامات کا تعین کرے گا۔یہ معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دینے کے اقدامات شروع کرنے کے ساتھٍ حکومتی پالیسیوں کے مطابق سرکاری اداروں کے لئے فہرست کی تیاری میں اعانت کے لئے ایک فریم ورک بھی تیار کرے گا.

 

یہ محکمہ صحت مند غذا،صحت مند زندگی،رضاکارانہ خدمات، قوانین اورقانون سازی کی تعمیل اور علمی اقتصادیات و بااختیارگی کے پانچ شعبوں میں توجہ مرکوز رکھے گا.

 

اجلاس میں وزیر برائے کابینہ امور ومستقبل محمد بن عبداللہ القرقاوی،وزیر اقتصادیات سلطان بن سعید المنصوری، وزیر صحت واحتیاطی تدابیر ڈاکٹر عبدالرحمان بن محمد بن ناصر العویس، وزیر مملکت اقتصادی امورعبید بن حمید الطایر،وزیر تعلیم حسین بن ابراھیم الحمادی،وزیر برائے انسانی وسائل واماراتائزیشن ناصر بن ثانی الھاملی،وزیر برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ حصة عیسی بوحمید،وزیرمملکت برائے خوشی وبہبود عھود بنت خلفان الرومی سمیت اعلی حکام نے شرکت کی.

 

ترجمہ۔تنویر ملک.

 

http://wam.ae/en/details/1395302762813

WAM/Urdu