شیخ حمد کا فجیرہ کی بندرگاہ کی توسیع جاری رکھنے کا عزم


فجیرہ، 14مئی ، 2019 (وام )۔۔سپریم کونسل کے رکن اور فجیرہ کے حکمران شیخ حمد بن محمد الشرقی نے فجیرہ بندرگاہ کو متحدہ عرب امارات کی ترقیاتی مہم اور قومی ایجنڈے کی ترجیحات کے سلسلے میں ویژن 2021 اور2071 کے تناظر میں اسکی توسیع جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے.

 

شیخ حمد نے ان خیالات کا اظہار فجیرہ کے ولی عہد شیخ محمد بن حمد بن محمد الشرقی کے ہمراہ بندرگاہ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئےکیا.

 

فجیرہ کے حکمران نے بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی معاشی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ توانائی کو ذخیرہ کرنے کا علاقائی اور بین الاقوامی مرکز بن گئی ہے.

 

بندرگاہ پر معمول کے مطابق ذخیرہ کرنے اور سامان کی نقل و حمل کے آپریشن کا معائنہ کرنے کے بعد شیخ حماد نے کہا کہ اس بندرگاہ پر کئی دہائیوں سے ترقیاتی کام جاری ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ ترقیاتی مرحلے کے نتیجے میں بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، برتھس کی گہرائی کے ساتھ اسٹوریج کے علاقوں کی صلاحیت میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی جس سے خلیج عرب ، بحر ہند اور ہندوستانی برصغیر سے آنے والے بڑے جہاز لنگرانداز ہو سکیں گے.

 

بندرگاہ کے جدید سازوسامان اور بہترین سہولیات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بندرگاہ میں تیل کی سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں .

 

شیخ حماد نے کہا کہ بندرگاہ کی آپریشنل صلاحیت بڑھانے کیلئے جدید کارگو لفٹنگ نظام کی تنصیب کی جارہی ہے اور یہ عمل 2021 تک مکمل ہوجائے گا جس کے بعد یہ بندرگاہ بڑے بحری جہازوں کو سنبھالنے اور انھیں بہتر خدمات فراہم کرنے کے قابل ہو جائے گی.

 

ترجمہ: ریاض خان .

 

http://wam.ae/en/details/1395302762725

WAM/Urdu