متحدہ عرب امارات کی مصر میں چیک پوائنٹ پر حملے کی شدیدمذمت


ابوظبی،6 جون، 2019 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے مصر کے شمالی سینا کے شہر العریش کے جنوب میں ایک چیک پوائنٹ پر دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کی ہے.

 

وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات ان مجرمانہ کاروائیوں کی سخت مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد اور دہشتگردی کی کارروائیوں کو مسترد کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے مصر کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ان خطرناک جرائم کے خلاف جنگ میں برادر ملک مصر کی حکومت اور عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا ہے.

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کے بزدلانہ واقعات دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں مصر کے عوام کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے کیونکہ دہشتگردی کا نہ تو کوئی ملک ہے نہ مذہب اور نہ ہی اخلاقی جواز.

 

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ تمام مذہبی اور انسانی اقدار اور اصولوں کے خلاف ہے.

 

وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے شہیدوں کے خاندانوں اور مصر کی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے.

 

ترجمہ: ریاض برکی .

 

http://www.wam.ae/en/details/1395302766577

WAM/Urdu