خلیفہ فاونڈیشن عدن میں دس کروڑ ڈالر لاگت سے پاور پلانٹ پر عملدرامد کرے گی

ابوظہبی، 12جون، 2019(وام) ۔۔ خلیفہ بن زایدآل نھیان فاونڈیشن نے عدن میں دس کروڑ ڈالر لاگت سے پاور پلانٹ پر عملدرامد کے لئے جمہوریہ یمن کی وزارت بجلی وتوانائی کے ساتھ گزشتہ روز ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں.

 

فاونڈیشن کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے پر معاہدے پر وزارت برائے امور صدارت میں وفاقی سپریم کونسل کے وزیر اور خلیفہ فاونڈیشن کے نائب صدر احمد جمعہ الزعابی اور یمن کے وزیر برائے منصوبہ بندی وبین الاقوامی تعاون ڈاکٹر نجیب العواج نے دستخط کئے.

 

یمن کے وزیر اعظم ڈاکٹر معین عبدالملک اور عرب امارات کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراھیم الھاشمی نے معاہدے کی تقریب میں شرکت کی.

 

امارات خبر ایجنسی وام کو دئے گئے ایک بیان میں الزعابی نے بتایا کہ خلیفہ فاونڈیشن نے تقریباً ایک سو بیس میگاواٹ استعداد کے حامل پاور پلانٹ کے قیام اور الیکٹرسٹی نیٹ ورک کی تعمیر کے لئے دس کروڑ ڈالر کی منظوری دی ہے۔ٍاس منصوبے سے تقریباً پچیس لاکھ یمنی شہریوں کو فائدہ حاصل ہوگا.

 

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کی ہدایات کے مطابق ،ابوظہبی کے ولی عہد اور عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان اورنائب وزیر اعظم اور وزیر برائے صدارتی امور اور فاونڈیشن کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید آل نھیان کی مدد کے ساتھ کیا گیا ہے.

 

اس موقع پرڈاکٹر نجیب العواج نے یمنی عوام کی اس مدد پر متحدہ عرب امارات اور خلیفہ فاونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کے ساتھ خون کے رشتوں میں گندھے ہوئے اماراتی بھائیوں کی جانب سے یمن میں مختلف امدادی کاروائیوں اور ترقی کے لئے مدد کرنا کچھ عجب نہیں ہے.

 

خلیفہ فاونڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل محمد حاجی الخوری نے امارات خبر ایجنسی وام کو بتایا کہ معاہدہ کے تحت،خلیفہ بن زاید آل نھیان فاونڈیشن ایک سوبیس میگاوٹ کی گیس ٹربائن مہیا کرے گی،اس کو نصب کرکے آپریٹ کرے گی۔یہ گیس ٹربائن دوہزار انیس کے آخر تک آپریشنل ہوجائے گی.

 

ترجمہ۔تنویر ملک.

 

http://wam.ae/en/details/1395302767330

WAM/Urdu