الطایر کی قبرص کے وزیر خزانہ سے ملاقات


لکسمبرگ ، 15 جون ، 2019 (وام) ۔۔ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خزانہ امور عبید بن حمید الطایر نے قبرص کے ہم منصب ھاریس جورجیادس سے ملاقات کرکے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا ہے – یہ ملاقات عرب امارات کی وزارت خزانہ کے اعلی سطح کے وفد کے دورہ لکسمبرگ کے موقع پر ہوئی – اس موقع پر دونوں ممالک میں مضبوط تعاون اور سٹریٹجک شراکت داری کو اقتصادی اور تجارتی امور میں مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا ۔ سرمایہ کاری کے موجودہ مواقع کو بھرپور استعمال کرنے اور اس حوالے سے نجی شعبے کو آگے لانے کی تجاویز پر بھی بات چیت کی گئی – الطایر نے عرب امارات میں موجود سرمایہ کاری کے پرکشش ماحول اور مواقع سے قبرص کے وزیر کو آگاہ کیا جبکہ اقتصادی استحکام اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں عرب امارات کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے ویژن 2021 کے مطابق ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے موجود پرکشش ماحول سے بھی انہیں آگاہ کیا – انہوں نے بتایاکہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے خطے میں عرب امارات اس وقت دوسری مضبوط معشیت ہے ، اسکی جی ڈی پی حالیہ برسوں میں مستحکم انداز سے بڑھی ہے اور 2019 اور 2020 میں اسکے 3 فیصد کے حساب سے بڑھنے کی بھی توقع ہے – ھاریس جورجیادس نے دونوں ممالک میں موجود مضبوط تعلقات کو سراہتے ہوئے انہیں مختلف شعبوں میں فروغ دینے کی اہمیت پربھی زور دیا – عرب امارات اور قبرص کے درمیان 2013 سے دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کا معاہدہ موجود ہے جبکہ معیشت کے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور مضبوط تعاون بھی قائم ہے – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://wam.ae/en/details/1395302767861

WAM/Urdu