بچوں کے لئے ویزہ فیس کی چھوٹ پندرہ جولائی سے شروع ہوگی :آئی سی اے


ابوظہبی، 3جولائی، 2019 (وام) ۔۔ وفاقی ا تھارٹی برائے شناخت و شہریت، آئی سی اے، پیر ،پندرہ جولائی دوہزار انیس سے موسم گرما کے لئے اٹھارہ سال سے کم عمر کے زیر کفالت بچوںکے لئے ویزہ فیس کی چھوٹ پر عملدرآمد شروع کرےگی.

 

اتھارٹی کے مطابق، عرب امارات کی کابینہ کے گزشتہ سال کے جاری فیصلہ کے تحت اپنے والدین کے ہمراہ سیاحت کی غرض سے آنے والے بچوں کو پندرہ جولائی سے پندرہ ستمبر تک ویزہ فیس سے چھوٹ حاصل ہوگی.

 

آئی سی اے نے عرب امارات آنے کی منصوبہ بندی کرنے والے سیاحوں سے کہا ہے کہ وہ رواں موسم گرما میں اس رعایت سے فائدہ اٹھائیں.

 

آئی سی اے میں غیر ملکیوں اور امور بندرگاہوں کے ڈائریکٹر جنرل،میجر جنرل سعید راکان الرشیدی نے کہا کہ سیاح اتھارٹی کی ویب سائٹ یا سمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے سیاحتی ویزہ کے لئے اپلائی کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ امارات کی قومی ائر لائنز اور لائسنس یافتہ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے بھی ویزہ کے لئے درخواست دی جاسکتی ہے.

 

انہوں نے مزید بتایا کہ آئی سی اے دو قسم کے ویزے جاری کررہی ہے جن میں دو سو درہم قیمت کے ساتھ تیس دن کا ویزہ جس میں دو بار توسیع کرائی جاسکتی ہے جبکہ پانچ سوپچاس درہم قیمت کا نوے دن کا ویزہ جس میں بھی دودفعہ توسیع کرائی جاسکتی ہے جبکہ توسیع کے لئے چھ سو درہم ادا کرنا ہوں گے.

 

انہوں نے بتایا کہ اس چھوٹ سے فائد حاصل کرنے کے خواہشمند خاندانوں کو آئی سی اے کے ای سسٹم پر "سیاح خاندان ویزہ" کا انتخاب کرتے ہوئے درخواست دینا ہوگی اور والدین اور بچوں کی تفصیل کا اندراج کرنا ہوگا.

 

ترجمہ۔ تنویر ملک.

 

http://wam.ae/en/details/1395302772019

WAM/Urdu