انسانی وسائل کی وزارت نے 145 خدمات پر فیس میں کمی کردی


دبئی، 10 جولائی، 2019 (وام) ۔۔ انسانی وسائل کی وزارت نے 145 خدمات پر فیس میں کمی کردی ہے۔ ان میں سے 17خدمات پر 50 سے 94 فیصد کمی کی گئی ہےجبکہ اس کے سروس سینڑز سے فراہم کی جانے والی 128 خدمات اور ٹرانزیکشنز پر فیسوں کی مد میں بھی رعایت فراہم کی گئی ہے.

 

فیسوں میں یہ کمی وزارت کی فیسوں اور جرمانوں کے بارے میں متحدہ عرب امارات کابینہ کی قرارداد کے نتیجے میں کی گئی ہے۔ قرارداد کے مطابق وزارت ماہی گیری کی کشتیوں اور بعض کمپنیوں کو متحدہ عرب امارات یا دوسرے خلیج تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے شہری کو ملازم کرنے پر پرمٹ کی مد میں فیس کی معافی دی جائے گی.

 

انسانی وسائل کے وزیر نصیر بن ثانی الحملی نے کہا کہ فیسوں میں کمی حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کرنا اور کاروباری افراد کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ اس کا ایک مقصد بھرتیوں اور ملازمین سے متعلق آپریشنل اخراجات کو کم کرکے نجی شعبے میں اماراتی شہریوں کی شرکت کو یقینی بنا کر انھیں بااختیار بنانا ہے.

 

قرارداد کے مطابق بعض کمپنیوں کے لئے ورک پرمٹ کی درخواست پر فیس 200 درہم سے 100 درہم تک کم ہوجائے گی.

 

قرارداد میں دو سالہ ورک پرمٹ کی درخواست دینے والی کمپنیوں کیلئے فیس 300 درہم مقرر کی گئی ہے چاہے وہ ہنر مند ہوں یا نہ ہوں.

 

اس سے پہلے دوسالہ ورک پرمٹ کی ہنر مند یا غیر ہنرمند افراد کیلئے کیٹیگری ایک کی فیس 300 درہم، کیٹیگری دو کے لیول اے کیلئے500 درہم، لیول بی میں غیر ہنر مند افراد کیلئے 1000 درہم، ہنرمند افراد کیلئے2000 درہم، لیول سی میں ہنر مند افراد کیلئے 1،5000 درہم اور غیر ہنرمند افراد کیلئے 2،500 درہم ، لیول ڈی میں ہنرمند افراد کیلئے 2،000 درہم اور غیر ہنرمند افراد کیلئے 3000 درہم جبکہ کیٹیگری 3 میں دونوں قسم کے افراد کے لئے فیس 5،000 درہم تھی۔ قرارداد کے مطابق ان کمپنیوں کیلئے مجموعی طور پر فیس کی لاگت میں 94 فی صد کمی کی گئی ہے.

 

ورک پرمٹ کی درخواست کی فیس 200 درہم سے کم کرکے 100 درہم کردی گئی ہے جبکہ ہنرمند افراد کیلئے ورک پرمٹ جاری کرنے یا انکی تجدید کی فیس میں بعض کمپنیوں کے لئے 50 فی صد کمی کی گئی ہے.

 

قرارداد نے ثالثی ایجنسی کو ایک سال کا لائسنس دینے یا اسکی تجدید کی فیس میں بھی 50 فی صد کمی کی ہے۔ اسکی موجودہ لائسنسنگ فیس 25،000 درہم جبکہ تجدید کی فیس 12،500 درہم ہے.

 

ترجمہ: ریاض خان .

 

http://wam.ae/en/details/1395302773374

WAM/Urdu