نائب صدر کی ہدایت پر امارات یوتھ پروفیشنل اسکول پروگرام شروع


دبئی، 12 اگست، 2019 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر فیڈرل یوتھ اتھارٹی نے "امارات یوتھ پروفیشنل اسکول" پروگرام شروع کردیا ہے.

 

یہ اعلان نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر کیا گیا ہےجو ہر سال 12 اگست کو منایا جاتا ہے.

 

امارات یوتھ پروفیشنل اسکول متحدہ عرب امارات میں نوجوانوں کو انکی صلاحیت بہتر بنا کر کیریئر میں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے انہیں مستقل تعلیم کے ذریعہ لیبر مارکیٹ کے لئے تیار کرنے کی خاطرشروع کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے متحدہ عرب امارات میں انسٹرکٹرز، اساتذہ، ماہرین اور پیشہ ور افراد کے ذریعے "اوبر نما ماڈل" کے استعمال سے مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ کورسز اور ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام کرائے جائیں گے.

 

یہ اسکول متحدہ عرب امارات میں 15 سے 35 سال کی عمر کے تمام نوجوانوں کو خدمات فراہم کرے گا اور نومبر 2019 میں اپنی سہولیات اور پروگرام کھولے گا.

 

نوجوانوں کے امور کی وزیر مملکت شمع بنت سہیل فارس المزروئی نے کہا کہ امارات یوتھ پروفیشنل اسکول ایک انوکھا تعلیمی تجربہ ہے جو روایتی تعلیم اور تیزی سے بدلتی ہوئی لیبر مارکیٹ کے مابین خلا کو پرکرتا ہے.

 

انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ووکیشنل ٹریننگ کے ذریعے حاصل کی گئی مہارت کو مزید بڑھانے کے لئے پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا تاکہ مستقبل کی لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری کی جاسکیں.

 

امارات یوتھ پروفیشنل اسکول ویب سائٹ کے مطابق اسکول ایک پائیدار اور آرگینگ کراوڈ سورسنگ ماڈل پر مبنی ہے جو عملی اور نظریاتی تعلیم کے مرکب کو استعمال کرتا ہے۔ یہ دنیا بھر کے مختلف اداروں، ماہرین اور پیشہ ور افراد کے ساتھ شراکت کرے گا جس سے متحدہ عرب امارات کے نوجوانوں کو ترقی پذیر علم پر مبنی معیشت میں ضروری مہارتیں حاصل کرنے کا موقع ملے گا.

 

ترجمہ : ریاض خان .

 

http://wam.ae/en/details/1395302779933

WAM/Urdu