ADNEC نے پہلی ششماہی میں ابو ظبی کی معیشت میں 2.3 ارب درہم کا حصہ ڈالا


ابوظبی، 14 اگست، 2019 (وام) ۔۔ ابوظبی کی قومی نمائش کمپنی، ADNEC نے 2019 کے پہلے چھ ماہ میں ابو ظبی کی معیشت میں 2.3 ارب درہم کا حصہ ڈالا ہے.

 

ایک بیان میں کمپنی نے کہا ہے کہ اس کے ابو ظبی قومی نمائش سینٹر اور العین کنونشن سینٹر نے 2019کے پہلے نصف میں ابوظبی کی معیشت میں 2.3 ارب درہم شامل کئے جس سے کمپنی کا 2005 میں اپنے قیام کے بعد سے مجموعی معاشی کردار 34.3 ارب درہم ہو گیا ہے.

 

بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کی معیشت میں گزشتہ سال کی نسبت اس سال کمپنی کی براہ راست اور بالواسطہ شراکت میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ دو بڑے ایونٹس بین الاقوامی دفاعی نمائش اور مستقبل کی توانائی کے بارے میں عالمی سربراہ کانفرنس کے ADNEC میں انعقاد کے باعث ہوا.

 

ابو ظبی قومی نمائش سینٹر اور العین کنونشن سینٹر نے 2019 کی پہلی ششماہی میں 29 نمائشوں، 108 کانفرنسوں اور ایونٹس کے ساتھ ساتھ 88 خصوصی ایونٹس کی میزبانی کی جس سے کاروباری سیاحت سے متعلقہ شعبوں میں ملازمتوں کے 12,502 مواقع پیدا ہوئے۔ ان مقامات کے آس پاس کے ہوٹلوں میں 343,100 افراد نے رات کو قیام کیا.

 

2019 کے پہلے چھ ماہ کے دوران ابو ظبی قومی نمائش سینٹر اور العین کنونشن سینٹر نے متحدہ عرب امارات اور پوری دنیا سے 1.5 ملین سے زیادہ سیاحوں کا خیرمقدم کیا جو 2018 کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 79 فیصد زائد ہے.

 

ثقافت اور فروغ علم کی وزیر اور ADNEC گروپ کی چیئر پرسن نورہ بنت محمد الکعبی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا دارالحکومت خطے میں پسندیدہ تجارتی سیاحت کے مرکز کی منزل کی جانب گامزن ہے اور ADNEC کی پہلی ششماہی کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے.

 

انہوں نے کہا کہ ابوظبی پلان اور اس کے اقتصادی وژن 2030 کے حصول میں ہماری ترجیح کے مطابق ADNEC امارات کی معیشت کو متنوع بنانے اور ترقی کو اپنی حکمت عملی کے مرکزی حصے کے طور پر جاری رکھے گا.

 

ADNEC کے گروپ سی ای او حمید مطر الظہری نے کہا کہ 2019 کے پہلے نصف حصے میں انکے مقامات میں ہونے والے ایونٹس سے کاروباری سیاحت کے شعبے کو فروغ ملا ہے اور اس سے ابوظبی کو کاروباری سیاحت کا مرکز بنانے میں مدد ملے گی.

 

ترجمہ: ریاض خان .

 

https://wam.ae/en/details/1395302780035

WAM/Urdu