نائب صدر نے نوجوان کاروباری افراد کیلئے اوپن ٹریڈ انکیوبیٹر کا آغاز کردیا


دبئی، 4 ستمبر، 2019 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے فیڈریشن یوتھ اتھارٹی پروگرام "یوتھ ہبل" کا آغاز کردیا ہے جو تجارتی مراکز، مارکیٹوں، ہوائی اڈوں، ثقافتی اورسیاحتی مقامات پر سب سے بڑا اوپن ٹریڈ انکیوبیٹر ہوگا.

 

اس اقدام کے ذریعے نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے کلیدی خدمات اور سہولیات کے ساتھ مفت جگہیں بھی فراہم کی جائیں گی ۔ نوجوانوں کو دی جانے والی مراعات میں رہنمائی جدید ڈیزائن، مارکیٹنگ اور برانڈ کی شناخت شامل ہیں.

 

افتتاحی تقریب میں دبئی کے ولی عہد شہزادہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم، محمد بن راشد المکتوم نالج فاونڈیشن کے چیئرمین شیخ احمد بن محمد بن راشد آل مکتوم، کابینہ امور کے وزیر محمد بن عبد اللہ القرقاوی اور نوجوانوں کے امور کی وزیر مملکت شمع بنت سہیل فارس المزروئی بھی شریک تھے.

 

اس اقدام کا مقصد مسابقت کے عالمی دور میں نوجوان کاروباری حضرات کو ان کے نئے تجارتی منصوبے شروع کرنے کے لئے تعاون فراہم کرنا ہےتاکہ وہ آسانی سے اپنا کاروبار قائم کرکے اپنی کامیابی اور پیداوارکو یقینی بنائیں.

 

اس اقدام کے ذریعے اسٹریٹجک اسٹیک ہولڈرز کے گروپ کی شراکت میں نوجوانوں کے تجارتی منصوبوں کو براہ راست صارفین کے ساتھ مربوط کیا جائے گا تاکہ ان کی مصنوعات اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے مواقع فراہم ہوں.

 

یوتھ انکیوبیٹر نوجوان تاجروں کو عالمی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز تک رسائی دلانے میں تعاون فراہم کرے گا تاکہ وہ بین الاقوامی برانڈزکے ساتھ مقابلے کے قابل ہوسکیں۔ یہ پروگرام جگہ کی قیمت برداشت کرے گا تاکہ نوجوان کاروباری افراد کو درپیش ممکنہ خطرات اور چیلنجوں کو کم کیا جاسکے اور وہ اپنی مصنوعات اور خدمات کی بہتری کے شعبے میں سرمایہ کاری پر بھرپور توجہ دیں.

 

یوتھ حب 18 سے 35 سال کی عمر کے نوجوان کاروباری افراد کو انتہائی منافع بخش مقامات پر چھ مہینوں میں نئی ​​کمپنیاں شروع کرنے میں تعاون فراہم کرے گا ۔ اس مقصد کے لئے فیڈرل یوتھ اتھارٹی اپنے شراکت داروں کے ساتھ بڑے شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز میں نوجوان تاجروں کو جگہیں فراہم کرے گی جن میں یاس مال، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دبئی مال، سٹی واک، السیف، شیخ زاید شاہراہ پر لاسٹ ایگزٹ میڈایکس ، الصفا آرٹ اینڈ ڈیزائن لائبریری، یونین میوزیم، سٹی سنٹر مردیف، شارجہ ہارٹ، فلیگ پارک عجمان، ام القوین مال، منار مال، الحمرا مال، سٹی سنٹر فجیرہ اور متحدہ عرب امارات کے تمام یوتھ سینٹرز شامل ہیں.

 

فیڈرل یوتھ اتھارٹی نے نوجوان کاروباری افراد کے لئے جگہ مختص کرنے کے سلسلے میں متعدد سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ان شراکت داروں میں معاشی ترقی، شہری منصوبہ بندی، ثقافت اور سیاحت کے ادارے، پراپرٹی ڈویلپرز، سرمایہ کار، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور میونسپلٹیاں شامل ہیں.

 

ترجمہ: ریاض خان .

 

http://www.wam.ae/en/details/1395302784093

WAM/Urdu