متحدہ عرب امارات اور ہالینڈ کا اقتصادی تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال


ابوظبی، 9 ستمبر، 2019 (وام) ۔۔ وزیر اقتصادیات سلطان بن سعید المنصوری اور روٹرڈیم کے میئر احمد ابو طالب نے متحدہ عرب امارات اور ہالینڈ کے مابین اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے.

 

دونوں کے درمیان ملاقات ابو ظبی میں وزارت اقتصادیات کے ہیڈکوارٹرمیں ہوئی۔ متحدہ عرب امارات میں ہالینڈ کے نئے سفیر ایلوسیس ایڈریانزبھی ملاقات میں موجود تھے.

 

ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے شعبوں جیسے جدت، جدید ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، ایس ایم ایز اور پائیدار علم پر مبنی معیشت تشکیل دینے کے طریقوں پر غور کیا گیا .

 

انہوں نے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں اور پائیدار ترقی کے شعبے میں مواقع کی تلاش پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، ایس ایم ایز اور فوڈ انڈسٹریز کے شعبوں میں باہمی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات چیت کی .

 

المنصوری نے متحدہ عرب امارات اور ہالینڈ کے مابین کلیدی تعلقات کے ساتھ ساتھ جدت طرازی، جدید ٹیکنالوجی اور ایس ایم ایز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے متحدہ عرب امارات کی خواہش کا اظہار کیا.

 

انھوں نے تحقیقی مراکز، یونیورسٹیوں اور کاروباری انکیوبیٹرز کے مابین ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کی اہمیت کے ساتھ دونوں ممالک کے تاجروں اور جدت پسندوں کے مابین ملاقاتوں اور رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی کاروباری برادریوں کے مابین رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ نجی شعبہ تعمیر وترقی کا ایک اہم ستون ہے.

 

روٹرڈیم کے میئر احمد ابو طالب نے مشترکہ معاشی مفادات، پرکشش کاروباری ماحول اور عالمی منڈیوں کی روشنی میں متحدہ عرب امارات اور ہالینڈ کے مابین کلیدی شراکت کو اجاگر کیا.

 

انہوں نے دوطرفہ دوروں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک دوسرے کو شراکت قائم کرنے کے لئے دستیاب مواقع سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے پلیٹ فارم مہیا ہوتا ہے جس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا.

 

ترجمہ: ریاض خان .

 

http://www.wam.ae/en/details/1395302785272

WAM/Urdu