ایف ای ڈبلیو اے گیس سے چلنے والا پاور پلانٹ لگائے گا : سھیل المزروعی


ابوظہبی ، 9 ستمبر ، 2019 (وام) ۔۔ وزیر توانائی و صنعت اور بجلی اور پانی کی وفاقی اتھارٹی ایف ای ڈبلیو اے کے چیئرمین سھیل بن محمد فرج فارس المزروعی نے کہاہے کہ انکا ادارہ گیس سے چلنے والے ملک کے سب سے بہترین بجلی گھر کو لانچ کرنے کیلئے امارات واٹر اینڈ الیکٹرسٹی کمپنی ای ڈبلیو ای سی کے ساتھ تعاون میں مصروف ہے ۔ اس سے ایف ای ڈبلیو اے کو شمالی افریقہ اور مشرق وسطی میں بجلی پیداوار کو موثر ترین انداز میں انجام دینے والی اعلی ترین کمپنیوں میں شمولیت مل جائے گی ۔ یہ اقدام ماحول دوست ہونے کے ساتھ توانائی میں سکیورٹی کے حصول اور توانائی بچت کے اہداف حاصل کرنے میں معاون ہوگا – امارات نیوز ایجنسی " وام " کے ساتھ انٹرویو میں المزروعی کا کہنا تھا کہ انکا ادارہ پانی سے آلودگی ختم کرنے کیلئے ریورس اوسموسس پر مکمل انحصار کرنا چاہتا ہے جو کہ عرب امارات کی واٹر سکیورٹی سٹریٹجی کا حصہ ہے اور اس کیلئے ام القیوین میں یومیہ 150 ملین گیلن پانی صاف کرنے والے پلانٹ کی تنصیب شامل ہے ۔ یہ کاربن اخراج کو کم کرنے کیلئے عرب امارات کی انرجی سٹریٹجی 2050 کا ہدف بھی ہے – ابوظہبی میں جاری عالمی توانائی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر انہوں نے وام سے گفتگو میں کہاکہ انکا ادارہ ایسے پروگراموں کے ذریعے نہ صرف عالمی سطح پر جاری توانائی شعبے کی پیشرفت سے آگاہی حاصل کرتا ہے بلکہ دنیا کے 150 ممالک کو عرب امارات میں ہونے والی توانائی شعبے کی ترقی سے بھی آگاہ اور روشناس کراتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ توانائی شعبے کے کثیرالجہتی پہلوؤں میں عرب امارات کو قابل قدر تجربہ اور مہارت حاصل ہے اور یہاں توانائی کی سالانہ طلب میں اضافے کی شرح چار سے چھ فیصد ہے .

 

ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://wam.ae/en/details/1395302785290

WAM/Urdu