متحدہ عرب امارات موبائل انٹرنیٹ اور نیٹ ورک کوریج میں پہلےنمبر پر


دبئی، 10 ستمبر، 2019 (وام) ۔۔ ورلڈ اکنامک فورم کی سفری اور سیاحتی مسابقتی رپورٹ 2019 کے مطابق متحدہ عرب امارات موبائل براڈ بینڈ خریداری اور نیٹ ورک کوریج میں عالمی سطح پر پہلے اور موبائل سیلولر ٹیلیفون سبسکرپشن میں دوسرے نمبر پرہے.

 

ٹیلی مواصلات ریگولیٹری اتھارٹی، ٹی آر اے کے ڈائریکٹر جنرل حمد عبید المنصوری نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی عالمی سطح پر یہ کامیابیاں قومی قیادت کی سرپرستی میں حکومتی منصوبوں اور حکمت عملیوں کا نتیجہ ہیں.

 

انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس متحدہ عرب امارات میں بہترین اور جدید ترین سروسز اور ترقی یافتہ انفراسٹرکچر موجود ہے جو ہمیں مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ آف تھنگز، آئی او ٹی اور چوتھے صنعتی انقلاب کے لئے تیار کرتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ بہت ساری بین الاقوامی رپورٹس میں ہماری اعلی عالمی درجہ بندی اس بات کی تصدیق ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات کے ویژن 2021 اور قومی ایجنڈے کے اہداف کو حاصل کرنے کے راستے پر گامزن ہیں.

 

ورلڈ اکنامک فورم کی سفری ور سیاحتی مسابقتی رپورٹ ہر دو سال بعد جاری کی جاتی ہے۔ یہ چار اہم اشاروں ماحولیات، سفر اور سیاحت کی پالیسی، انفراسٹرکچر اور قدرتی اور ثقافتی وسائل پر مبنی ہوتی ہے.

 

اس رپورٹ میں 14 ذیلی اشاریے تیار کیے گئے ہیں جن میں کاروباری ماحول، حفاظت اور تحفظ، صحت اور حفظان صحت، انسانی وسائل اور افرادی قوت، آئی سی ٹی کی تیاری، سفر و سیاحت کی ترجیح، بین الاقوامی سطح پر آزادی، قیمتوں میں مسابقت، ماحولیاتی استحکام، ہوائی نقل و حمل کاانفراسٹرکچر، زمینی اور بندرگاہی انفراسٹرکچر، ٹورسٹ سروس انفراسٹرکچر، قدرتی وسائل اور ثقافتی وسائل اور کاروباری سفر شامل ہیں.

 

متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور محمد بن راشد آل مکتوم نالج فاؤنڈیشن کے ذریعے شائع کردہ نالج انڈیکس رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 2018 میں انٹرنیٹ اور ٹیلیفونی کے شعبے میں عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی.

 

ترجمہ: ریاض خان .

 

http://wam.ae/en/details/1395302785567

WAM/Urdu