اماراتی سفارتخانہ روم میں ’پیس میراتھن‘ کے تیسرے ایڈیشن کو سپانسر کرے گا


روم ، 11 ستمبر ، 2019 (وام) - اٹلی میں عرب امارات کا سفارت خانہ روم ہاف میراتھن ویآپاسز کے تیسرے ایڈیشن کو سپانسر کرے گا.

پیس میراتھن 22 ستمبر کو اطالوی دارالحکومت روم میں منعقد کی جائے گی، جس میں چالیس سے زائد ممالک کے تقریباًسات ہزار افراد حصہ لیں گے ۔اس میراتھن کے انعقاد کا مقصد سال رواداری کے فریم ورک کے تحت اتحاد ، امن ، بقائے باہمی ، انسانی بھائی چارے اور بین المذاہب مکالمہ کی اقدار کو فروغ دینا ہے.

عرب امارات کی جانب سے اس پروگرام کو سپانسر کرنے کا اعلان روم کے تاریخی ایرا پیکس اسٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا ، جس میں اٹلی میں امارات کے سفیر عمر عبید محمد الحسن الشامسی اور روم کی میئر ورجینیا راگی کے ساتھ اعلی حکام نے شرکت کی.

پریس کانفرنس کے دوران ،الشامسی نے میراتھن کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا ، جنہوں نے عرب امارات کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے عرب امارات اور اٹلی کے مابین مضبوط تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کے 1951 میں روم اور ویٹیکن کے دورہ کاذکر کیا.

انہوں نے مزید کہا کہ سال رواداری کا آغاز کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس اور الازہر کے امام اکبرڈاکٹر احمد الطیب کے ابوظہبی کے دورے کے ساتھ ہوا ، جہاں انہوں نے انسانی بھائی چارے کی دستاویز پر دستخط کیے جس کا مقصد کمیونٹی تعلقات کو فروغ دینا ،لوگوں کے مابین رابطوں اور ہمدردی کے رشتے قائم کرنا اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنا ہے.

راگی نے تقریب میں امارات کی شرکت پر الشامسی کا شکریہ ادا کیا.

ترجمہ۔تنویر ملک.

https://wam.ae/en/details/1395302785815

WAM/Urdu