جنیوا میں عرب امارات کے مشن اور ڈبلیو ایچ او کی مشترکا انسداد پولیو نمائش


جینیوا ، 11 ستمبر ، 2019 (وام) ۔۔ جینیوا میں اقوام متحدہ کیلئے متحدہ عرب امارات کے مستقل مشن اور عالمی ادارہ صحت نے ایک ایونٹ اور نمائش منعقد کی جس میں پولیو مرض کے خاتمے کی مہم کو اجاگر کیا گیا ۔ یہ جینیوا میں یواین ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے – نمائش کے بعد ایک عطیہ مہم کا ایونٹ بھی ہوگا جوکہ " آخری میل تک رسائی " کے عنوان سے ہوگا جسے نومبر 2019ء میں ابوظہبی میں منعقد کیا جائے گا ۔ اس میں پولیو اینڈ گیم سٹریٹیجی 2023-2019 پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ جینیوا میں ہونے والے ایونٹ میں " روزانہ کے ہیروز کی نمائش " بھی شامل ہے جس میں پاکستانی فوٹوگرافر مبیان انصاری نے پاکستان میں پولیو خاتمے کی مہم کے انسانی پہلوؤں کو اپنی تصاویر میں اجاگر کیا ہے – اس نمائش میں پاکستان سے پولیو خاتمے کیلئے عرب امارات کی مہم سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی جارہی ہے ۔ اس مہم میں پاکستان کے 5 سال سے کم عمر کے 16 ملین بچوں کیلئے پولیو ویکسین کے 417 ملین قطرے فراہم کیئے گئے اور اس مہم میں 1 لاکھ 6 ہزار صحت کارکنوں نے حصہ لیا – جینیوا میں عرب امارات کے مستقل مندوب عبید سالم الزعبی نے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النھیان کی ہدایات پر پولیو خاتمے اور صحت شعبے میں جدت لانے سے متعلق عرب امارات کے اقدامات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او کے ڈی جی ڈاکٹر ٹیڈروس کے کردار اور خدمات کو بھی سراہا جبکہ انکی ٹیم کی طرف سے 2023ء تک دنیا سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کی بھرپور تعریف کی – ڈاکٹر ٹیڈروس نے عزت مآب شیخ محمد بن زاید کی طرف سے پولیو کیخلاف عالمی مہم میں تعاون کیلئے اظہار ستائش کیا جبکہ روٹری کی نمائیندہ جودت دیمنت نے ابوظہبی کے اقدام برائے انسداد پولیو میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی .

 

دنیا سے پولیو کے خاتمے کیلئے عرب امارات کے اقدامات بانی قائد مرحوم شیخ زاید بن سلطان النھیان کے دور سے شروع کئے گئے تھے جبکہ 2011ء میں عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے اس عالمی مہم کیلئے 167 ملین ڈالر کا عطیہ بھی دیا تھا – ترجمہ ۔ تنویر ملک – https://wam.ae/en/details/1395302785832

WAM/Urdu