راس الخیمہ میں ماہ اگست میں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ


راس الخیمہ ، 18 ستمبر ، 2019 (وام) ۔۔ راس الخیمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اعلان کے مطابق رواں سال اگست میں متحدہ عرب امارات کی شمالی امارات میں آنے والے سیاحوں کی تعداد ریکارڈ ایک لاکھ اٹھارہ ہزار کے قریب رہی.

راس الخیمہ میں رواں سال ابتک سیاحوں کی تعداد میں پانچ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اگست میں سیاحوں کی تعداد ایک لاکھ سترہ ہزار نو سو پچانوے تک پہنچ گئی.

اتھارٹی کے مطابق مقامی سیاحوں کی امارات آمد میں 8.4 فیصد اضافہ ہوا جو متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کی جانب سے راس الخیمہ کی ترجیحی منزل کی حیثیت کا ثبوت ہے.

غیر ممالک سے پولینڈ ، روس ، بھارت ، قازقستان اور جمہوریہ چیک سے گذشتہ ماہ آنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہواہے ، جو بالترتیب 26.6 فیصد ، 25.3 فیصد ، 13.7 فیصد ، 9 فیصد اور 8.3 فیصد رہی۔ سیاحوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ اٹھارہ ہزار تک پہنچنے کی وجہ سے راس الخیمہ میں ہوٹلز اور ریزورٹس میں قبضہ شدہ کمروں میں تین عشاریہ سات فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں تین عشاریہ ایک فیصد زیادہ ہے.

امارات کی فروغ سیاحت حکمت عملی 2019-2021 کے مطابق ، راس الخیمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے امارت کو سیاحت کے حوالے سے خطے کا تیزی سے ترقی کرنے والا مقام بنانے کا عزم کررکھاہے۔ جس کے لئے علاقائی اور عالمی مارکیٹس میں سیاحت کو ترقی دینے کے لئے پروموشنل روڈ شوز کا انعقاد اور مہمات چلائی جارہی ہیں.

راس الخیمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر راکی فلپس کا کہنا ہے کہ" ہمیں اگست کے مہینے میںسیاحوں کی ریکارڈ تعداد کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔تقریباً ایک لاکھ اٹھارہ ہزار سیاحوں نے راس الخیمہ کا انتخاب کیا اور اس کے متنوع مناظر ،قدیم ساحلوں،اس کے صحراوں اور ملک کی سب سے بلند چوٹی جبل جایس سمیت متاثر کن حجری پہاڑوں کا مشاہدہ کیا۔"

ترجمہ۔تنویر ملک۔

WAM/Urdu