متحدہ عرب امارات جنرل اسمبلی میں عالمی امن کیلئےاقدامات پر روشنی ڈالے گا


نیویارک، 19 ستمبر، 2019 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے لئے اپنے نو اہداف اور مقاصد کا خاکہ پیش کیا ہے.

 

کثیرالجہتیت متحدہ عرب امارات کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مرکز ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر سے وابستگی بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے اقدامات میں اسکی رہنمائی کرتی ہے۔ متحدہ عرب امارات رواداری، شمولیت اور انسانی ترقی پر مبنی مشرق وسطی کے لئے ایک جدید اور ترقی پسند وژن کو فروغ دیتا ہے.

 

متحدہ عرب امارات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں نو ترجیحات پر اپنی کوششیں مرکوز کرے گا جو مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں علاقائی استحکام کی حمایت کرتی ہیں۔ ان ترجیحات میں بہترین طریقوں کا اشتراک، نئی شراکت داری کی کھوج اور بین الاقوامی قانون کے تحت دہشتگردی کی مالی اعانت کرنے والی ریاستوں کو جوابدہ قرار دینا ہے.

 

متحدہ عرب امارات قابل تجدید توانائی کے چیمپئن کی حیثیت سے اقوام متحدہ میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو اپنانے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے پر بھی توجہ مرکوز رکھے گا۔ اسکے علاوہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے ذریعے خواتین کو کامیاب بنانے میں مدد پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ نوجوانوں کو عالمی فیصلہ سازی میں شامل کرکے دنیا کے نوجوانوں کے ساتھ ایک حقیقی شراکت قائم کرکے معاشرے کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی .

 

متحدہ عرب امارات امن اور سلامتی، انسانی حقوق اور سب کے لئے پائیدار ترقی میں عالمی ادارےکے کردار کو موثر بنا نے اور اسکے استعداد کار کو بڑھانے پر زور دے گا .

 

امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کا وفد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے جنرل مباحثے میں حصہ لے گا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ 28 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے.

 

متحدہ عرب امارات کا وفد اقوام متحدہ کے رکن ممالک، عالمی ادارے کے اعلیٰ حکام اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا.

 

وفد میں وزراء اور دیگر اعلی عہدیدار شامل ہوں گے جو امن و سلامتی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات، خواتین اور نوجوان، فرنٹیئر ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی سے متعلق امور کی نگرانی کریں گے.

 

ترجمہ: ریاض خان .

 

http://wam.ae/en/details/1395302787798

WAM/Urdu