محمد بن زاید اور امریکی وزیرخارجہ کا علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال


ابوظہبی ، 19 ستمبر ، 2019 (وام) ۔۔ ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النھیان نے سعودی عرب کو سلامتی اور استحکام میں درپیش تمام خطرات میں اسکی مکمل حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے – عزت مآب شیخ محمد نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے قصرالشاطی میں آج گفتگو کے دوران کہی ۔ اس موقع پر ہفتہ کو سعودی عرب میں تنصیبات پر ہونے والے حملے اور اس کے علاقائی و عالمی استحکام پر مضمرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا – شیخ محمد نے کہاکہ سعودی عرب کو درپیش خطرہ ، عالمی امن اور سلامتی کو خطرہ تصور کیا جاتا ہے اور سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو لاحق خدشات کو عرب امارات مکمل طور پر مسترد کرتا ہے – انہوں نے خطہ خلیج ، مشرق وسطی کے امن و استحکام کیلئے عرب امارات کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے اس کیلئے امریکا جیسے دوست ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔ ملاقات کے دوران فریقین نے خطے کے امن و استحکام کے مفاد میں باہمی تعاون اور رابطوں کی اہمیت پر زور دیا – ملاقات کے موقع پر مشیر قومی سلامتی عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النھیان ، وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النھیان ، قومی سلامتی کی سپریم کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علی بن حماد الشمسی اور دیگر اعلی شخصیات اور سینئر ترین عہدیدار موجود تھے – ترجمہ ۔ تنویر ملک – https://www.wam.ae/en/details/1395302787960

WAM/Urdu