ہوا بازی کے شعبے میں متحدہ عرب امارات کی کامیابیوں اور عالمی قیادت کا سفر: رپورٹ


دبئی ، 4 اکتوبر ، 2019 ( وام ) ۔۔ متحدہ عرب امارات کا مسلسل پانچویں بار انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن ، آئی سی اے او ، کونسل کا رکن منتخب ہوناعالمی ہوا بازی کے شعبے کے بڑے شراکت داروں میں اس کے نمایاں مقام کا عکاس ہے ۔ یکم اکتوبر کو آئی سی اے اوکی نشست کے لئے ایک سو ستتر میں سے ایک سوباون ووٹ حاصل کرنے کے بعدامارات نیوز ایجنسی، وام نے متحدہ عرب امارات کے ہوابازی کے شعبے کی کامیابیوں کا اس رپورٹ میں جائزہ لیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی قومی ائر لائنز کے طیارے دنیا کے ایک سو آٹھ ممالک کے دوسو چوبیس شہروں کے لئے اڑان بھرتے ہیں ،ملک کے شہری ہوابازی کے شعبے میں آٹھ ہزار سات سو باون پائلٹ،سینتیس ہزار نو سو بہتر ارکان پر مشتمل فلائٹ عملہ،چار ہزار چار سو بہترانجینئرز، تین سو باون ائر ٹرانسپورٹرز،انچاس مرمت کے مراکز،اٹھارہ سپیشلسٹ طبی مراکزاور چھپن تربیتی و مشاورتی مراکز ہیں۔ ہوا بازی کے شعبے میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کی مالیت دوسو سترارب ڈالر ہے ، جبکہ اماراتی ہوائی اڈوں پرآپریٹ کرنے والی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی تعداد ایک ہزار اڑتالیس ہے۔گزشتہ سال اماراتی ہوائی اڈوں پر آٹھ لاکھ تراسی ہزار پروازوں کا انتظام وانصرام کیاگیا۔ چھ کروڑ چھیاسی لاکھ اٹھاون ہزار تراسی کلوگرام سامان کی نقل وحمل کے ساتھ دبئی ائر پورٹ مال برداری کے لحاظ سے دنیا بھر میں چھٹے نمبر پر ہے۔ متحدہ عرب امارات نے دوہزار سات سے ابتک ایوی ایشن سیفٹی، فضائی حادثات اور ماحولیات کے حوالے سے آئی سی اے او کو ایک سودس ورکنگ پیپرز پیش کیے ہیں ، جن میں رواں سال پیش کردہ پینتیس ورکنگ پیپرز شامل ہیں ۔ متحدہ عرب امارات کے پاس بوئنگ کمپنی کے ایک سو اکانوے طیاروں کا سب سے بڑا بیڑہ ہے جبکہ ایک سو انیس ائیربس 380 طیارے بھی زیر استعمال ہیں۔ اس کی چار قومی فضائی کمپنیوں کے پاس تقریبا چار سو اٹھانوے ہوائی جہاز ہیں۔ انتظامی ترقیاتی انسٹی ٹیوٹ کی جاری کردہ عالمی مسابقتی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات ائر سیفٹی اور ایوی ایشن سیکیورٹی کے معیارات کے ساتھ ساتھ فضائی نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کے لحاظ سے بھی پہلے نمبر پر ہے۔ فضائی خدمات کے شعبہ میں مجموعی طور پر ایک سو چھہتر معاہدوں کی تعداد کے لحاظ سے بھی پہلے نمبر پر ہے۔ دوہزار اٹھارہ میں عرب امارات اپنے قومی ہوائی اڈوں سے گزرنے والے تیرہ کروڑ چالیس لاکھ مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے سر فہرست ممالک میں شامل ہے ، دبئی ایئرپورٹ دوہزار اٹھارہ میں آٹھ کروڑ نوے لاکھ سے زائد مسافروں کے ساتھ عالمی سطح پر پہلے نمبر پر ہے شہری ہوا بازی کے شعبے میں کامیابیوں کے حوالے سے وزیر اقتصادیات اور جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین سلطان بن سعید المنصوری نے کہا کہ ملکی شہری ہوا بازی کے تمام شعبوں میں بہت زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آئی سی اے او کی رکنیت کے بارے میں ، کینیڈا میں امارات کے سفیر فہد سعید الرقبانی نے کہا کہ رکنیت کا حصول شہری ہوا بازی میں متحدہ عربامارات کے نمایاں مقام کا اظہار ہے۔ آئی سی اے او نے متحدہ عرب امارات کا انتخاب مشرق وسطی کی نمائندگی کے طور پر کیا ہے جس سے دوہزار اٹھارہ میں منظوری سے قبل ہوابازی کے شعبہ میں کاربن کی آف سیٹنگ اور اس کے اخراج میں کمی کے منصوبے کی جانچ کرنا ہے۔ عرب امارات نے ایوی ایشن شعبہ سے کاربن کے اخراج میں کمی ،صاف اور متبادل ایندھن کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے دس سال سے زیادہ عرصہ قبل اتحاد ائر ویز کو ترقی دینے میں مدد کی تھی جس کے تحت رواں سال جنوری میں بائیو ایندھن سے پہلی کمرشل پرواز چلائی گئی۔ عرب امارات نے شہری ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کرنے والے ممالک ، تحقیقی اداروں اور انفرادی سطح پر اعلی خدمات پرشیخ محمد بن راشد گلوبل ایوی ایشن ایوارڈ کے ساتھ سول ایوی ایشن کے شعبے میں انوویشن ایوارڈ کا اجرا کیا۔ ہوابازی اور خلا کے شعبوں میں مستقبل کے اقدامات میں پہلے عرب اماراتی سیٹلائٹ کی لانچنگ ، خلائی شعبے کے لئے قانون سازی اور فلائنگ ٹیکسی سروس کا آغاز شامل ہے۔ امارات کا شہری ہوابازی کاشعبہ العین میں ہوائی جہازوں کے سپیئر پارٹس بنانے والی کمپنی اسٹراٹا کے ذریعے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں اہم خدمات انجام دے رہا ہے ۔رولس رائس کے تعاون سے ابو ظہبی میں ہوائی جہاز کے انجن بنانے والی ملک کی پہلی فیکٹری کا افتتاح دوہزار بائیس میں کیا جائے گا۔ امارات ایوی ایشن یونیورسٹی کے توسط سے متحدہ عرب امارات ہوا بازی کے شعبے میں تعلیم اور تربیت کی فراہمی پر بھی کام کررہا ہے۔ ہوا بازی اور ایرو اسپیس کے شعبہ میں متحدہ عرب امارات کے لائسنس یافتہ سیکیورٹی اور سیفٹی کے پینسٹھ تربیتی مراکز ، پانچ سیمولیشن تربیتی مراکز ، اور فکسڈ ونگ طیاروں کے ہوابازوں کی تربیت کے چھ اسکول اور اکیڈمیاں کام کررہی ہیں۔ متحدہ عرب امارات پانچ اکتوبر کو شہری ہوا بازی کا سالانہ دن منائے گا جس دن انیس سو بتیس میں شارجہ کے المحطہ ایئرپورٹ پر پہلے طیارے نے لینڈنگ کی تھی۔ تصویری ماخذ: عالمی ہوا بازی سمٹ ترجمہ۔تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302792019

WAM/Urdu