العین میں اڑسٹھ کروڑ ستر لاکھ درہم لاگت سے تعمیرہونے والے رہائشی منصوبے کا افتتاح


العین، 19اکتوبر ، 2019 (وام) ۔۔ ابو ظہبی ایگزیکٹو کونسل کے وائس چیئرمین عزت مآب شیح ھزاع بن زاید آل نھیان نے العین شہر میں الھیر رہائشی منصوبے کا افتتاح کیا۔ اڑسٹھ کروڑ ستر لاکھ درہم لاگت کے اس منصوبے میں اماراتی ہاوسنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے تین سو رہائشی ولاز تعمیر کئے گئے ہیں جو مقامی شناخت اور ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے اماراتی خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔ افتتاح کے دوران ، شیخ ھزاع بن زاید کو منصوبے کے تمام پہلووں اور خصوصیات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔یہ ہاوسنگ پروجیکٹ ابو ظہبی ہاوسنگ اتھارٹی نے ابو ظہبی جنرل سروسز کمپنی ، مساند ہ کے تعاون سے تعمیر کیا ہے۔عزت مآب نے ایک ولا کا دورہ بھی کیا۔ ہر ولا کا پلاٹ دوہزار پچیس مربع میٹر پر محیط ہے ، جس میں پانچ سو مربع میٹر پر تعمیرات کی گئی ہیں جس میں مردوں اور خواتین کے بیٹھنے کی الگ الگ جگہیں ، تین ڈائننگ اور لونگ رومز ،پانچ بیڈرومز اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ الھیر رہائشی پروجیکٹ کے ڈیزائن میں جدید اور روایتی اماراتی گھروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اندر اور باہر پرائیویسی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تجارتی اور سماجی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر مطلوبہ انفراسٹرکچر کے لئے بھی جگہ فراہم کی گئی ہے۔ شیخ ھزاع نے الھیر کمپلیکس میں واقع مرکزی مسجد کو مرحوم سہیل بن مبارک الکتبی کے نام سے منسوب کرنے کی ہدایت کی۔دوہزار سات سو مربع میٹر رقبے پر تعمیر کردہ اس مسجد میں ایک ہزار اکہتر نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس موقع پر عزت مآب نے ابو ظہبی ہاوسنگ اتھارٹی اور مساندہ کے حکام کے ہمراہ الھیر مجلس کا بھی دورہ کیا۔ شیخ ھزاع نے الھیر کے عوام سے ملاقات اور بات چیت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا جو متحدہ عرب امارات کی قیادت اور اس کے شہریوں کے مابین مضبوط روابط کی عکاسی ہے۔ ابوظہبی ہاوسنگ اتھارٹی کے بورڈ چیئرمین اور ابو ظہبی ولی عہد کی عدالت کے ڈائریکٹر جنرل جابر السویدی نے کہا کہ اماراتی خاندانوں کے لئے بہترین رہائشی منصوبوں سے کمیونٹیز کے مابین سماجی تعلقات کو مستحکم کرنے میں مدد ملتی ہے ۔السویدی نے کہا کہ ابوظہبی ہاوسنگ اتھارٹی اماراتی شہریوں کے لئے مزید رہائشی منصوبے تعمیر کرے گا۔ ترجمہ۔تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302795773

WAM/Urdu