محنت کشوں کے تحفظ پروگرام اجراء میں جافزا پہلا فری زون بن گیا


دبئی ، 6 نومبر ، 2019 (وام) ۔۔ ڈی پی ورلڈ اور خطے میں متحدہ عرب امارات کے فلیگ شپ ، جبل علی فری زون ، جافزا نے دبئی انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت محنت کش طبقے کے تحفظ کا پروگرام جاری کیا جائے گا ، اس میں جافزا ، نیشنل انڈسٹریز پارک ، این آئی پی ، دبئی آٹو زون میں کام کرنے والے محنت کش شامل ہونگے – اس معاہدے کے مقاصد میں انشورنس پروگرام میں شامل ہزاروں محنت کشوں کو سابقہ بنک گارنٹی نظام کے مقابلے میں بہتر تحفظ اور مفاد کی فراہمی ہے ۔ اس پروگرام کے تحت کمپنیوں کو اپنے محنت کشوں کو اجرت نہ ملنے کی صورت میں انشورنس کا تحفظ دینا ہوگا ۔ اس انشورنس میں جافزا کے تمام موجودہ سپانسر ملازمین شامل ہونگے ، وہ جیسے ہی اپنے ورک ویزا کی تجدید کیلئے آئیں تبھی انہیں اس پروگرام میں خودکار انداز میں شامل کرلیا جائے گا – یہ پروگرام ان اہداف کی تکمیل کیلئے اٹھایا گیا ہے جسے نائب صدر ، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے متعین کیا ہے تاکہ دبئی کو دنیا میں کام اور روزگار کیلئے بہترین مقام دلایا جاسکے ۔ اس پروگرام میں کئی نوعیت کے محنت کش شامل ہونگے جو دبئی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں رہتے ہیں – ڈی پی ورلڈ – یو اے ای ریجن کے سی ای او اور ایم ڈی اور جافزا کے سی ای او محمد المعلم نے اس پروگرام کے اجراء پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے شراکت داروں کے تعاون سے جاری ہونی والی اس نئی انشورنس سکیم پر بہت خوش ہیں ، ہمارے لوگ ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں انہیں کام اور محنت کیلئے بہترین ماحول کی فراہمی ترجیح رہی ہے ، ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کے مفادات کا تحفظ اہم ترین ذمہ داری ہے – دبئی انشورنس کمپنی کے سی ای او عبدالطیف ابوقورۃ نے کہا کہ وہ اس منفرد انشورنس سکیم کے اجراء پر بہت مسرت محسوس کررہے ہیں جوکہ دنیا میں اس مشہور فری زون کے محنت کشوں کیلئے بڑی پیشرفت بھی ہے ۔ انہوں نے اس سکیم کے مقاصد اور اہداف کے حصول کی خاطر جافزا کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کے بھرپور عزم کا اظہار بھی کیا –

ترجمہ - تنویر ملک –

http://wam.ae/en/details/1395302800555

WAM/Urdu