خلیفہ فنڈ کی UNIDO کی 18ویں جنرل کانفرنس میں شرکت


ابوظبی، 6 نومبر ، 2019 (وام) ۔۔ خلیفہ فنڈ برائے انٹرپرائز ڈویلپمنٹ ابو ظبی میں اقوام متحدہ کی صنعتی ترقیاتی تنظیم (UNIDO) کی جنرل کانفرنس کے 18ویں اجلاس میں حصہ لے رہا ہے۔ یو این آئی ڈی او جنرل کانفرنس کا 18 واں اجلاس مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے خطے میں پہلی بار ہورہا ہے ۔ اس اجلاس میں مستقل ترقی کے حصول کے کلیدی موضوعات جیسے نوجوان اور نئے کاروبار، صنفی مساوات، سرکلر اکانومی اور دیگر محرکات پر توجہ دی جائے گی۔ سیشن کے پہلے دنوں میں خلیفہ فنڈ نے ابو ظبی اور متحدہ عرب امارات میں جدت اور کاروبار کو فروغ دینے کے اپنے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ اس میں مقامی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور ان اہم صنعتی شعبوں سے وابستہ افراد کے سماجی و اقتصادی کردار کو بڑھانے کے لئے شروع کئے جانے والے پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خلیفہ فنڈ UNIDO کے 18 ویں جنرل کونسل سیشن کا ایک اہم اسٹریٹجک کفیل ہے۔ خلیفہ فنڈ برائے انٹرپرائز ڈویلپمنٹ کی قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر موضع النصری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں کاروباری ماحول کو فروغ دینے اور اماراتی ملکیت والے ایس ایم ایز کے لئے ہم نوجوانوں پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ان کے جدید کاروبار کی حمایت کرنا ہے جس سے ان خیالات اور نظریات کو حقیقت میں بدلنے میں مدد ملتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم صنعتی شعبے کے نمایاں منصوبوں کے بارے میں اپنے شہریوں کو بین الاقوامی سامعین کے سامنے اپنی کاروباری تجاویز پیش کرنے کے قابل بنانے اور اس حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کے قابل بنانے کیلئے اس قسم کی تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔ خلیفہ فنڈ برائے انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اس وقت متعدد منصوبوں میں سے دو منصوبوں "اسمارٹ نیوی گیشن سسٹم" اور "ڈیجیٹل ریسرچ ٹیکنالوجیز " کی نمائش کررہا ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے صارفین اپنے موجودہ مقام کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں، دوستوں اور بعض دکانوں کا پتہ لگاسکتے ہیں۔ اس سے صارفین کو اپنی مطلوبہ منزلوں کی تلاش اور یہ معلوم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے کہ انہوں نے اپنی کاریں کہاں کھڑی کی ہیں۔ دوسرا قومی پروجیکٹ "ڈیجیٹل ریسرچ ٹیکنالوجیز" ہے جسے تاجر فیصل الشماری نے قائم کیا ہے۔ اس میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ترقی اور اعلی درجے کی ٹیکنالوجیز کے بارے میں تحقیقی کاموں اور سٹڈیز کو پیش کیا گیا ہے۔ اس کے پاس ایک مکمل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ٹیم ہے جو متحدہ عرب امارات میں صارفین کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کے حل فراہم کرتی ہے۔ UNIDO کی جنرل کونسل کے 18 ویں اجلاس میں چھ اہم موضوعات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جن میں نوجوان اور نئے کاروبار، صنف، صنعت 4.0، پائیدار توانائی، صنعتی پارکس اور سرکلر اکانومی شامل ہیں۔ کانفرنس میں پائیدار ترقی کے 2030 ایجنڈے اور اس کے 17 پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق پالیسی مباحثے بھی جاری ہیں۔ ترجمہ : ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302800530

WAM/Urdu