متحدہ عرب امارات کا کوموروس کیلئے 184ملین درہم امداد کا اعلان


پیرس، 2 دسمبر ، 2019 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے کوموروس میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے ابوظبی فنڈ برائے ترقی کے ذریعے 184 ملین درہم (50 ملین ڈالر) کی اضافی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد رواں سال اس سے پہلے مختص کردہ 184 ملین درہم (50 ملین ڈالر) کے علاوہ ہے۔ متحدہ عرب امارات نے یہ اعلان متحدہ جمہوریہ کوموروس کی حمایت کیلئے فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں "ڈونرز کانفرنس" کے دوران کیا۔ کوموروس کے صدر ایزالی اسومانی بھی کانفرنس میں شریک تھے ۔ دو روزہ کانفرنس میں شریک متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت وزیر مملکت ڈاکٹر میتھا بنت سالم الشمسی نے کی۔ ڈاکٹر میتھا بنت سالم الشمسی نے کہا کہ کانفرنس میں متحدہ عرب امارات کا وفد قومی قیادت کی اس ہدایت پر شرکت کررہا ہے کہ کوموروس کے ساتھ کھڑے ہو کر اس کی معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ملک کے ترقیاتی چیلنجوں پر قابو پانے میں مدد فراہم کی جائے۔ الشمسی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور ڈونر ممالک کی طرف سے فراہم کردہ امداد سے حکومت کوموروس اہم منصوبوں کے ذریعے اپنے قومی ایجنڈے پر عمل درآمد کر سکے گی جو معیار زندگی اور معاشی شعبوں کو بہتر بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک میں معاشی نمو کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ ابوظبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی نے کہا کہ ڈونرز کانفرنس کومورین حکومت کو اسکی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں مدد فراہم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ مستحکم ترقی کے حصول میں موثر کردار ادا کرنے کے لئے کومورین حکومت کے ساتھ تعمیری تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قومی قیادت کی ہدایت پر فنڈ نے بہت سارے افریقی ممالک کے مابین اسٹریٹجک تعلقات استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ فنڈ قومی ترجیحی منصوبوں کی مالی اعانت کے ذریعے کوموروس حکومت کے ساتھ کلیدی شراکت دار کی حیثیت سے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ ابوظبی فنڈ برائے ترقی کے 1979 سے کوموروس کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور اس نے توانائی، پانی، ٹرانسپورٹ، صحت اور تعلیم سمیت مختلف اسٹریٹجک شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی اعانت فراہم کی ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302807835

WAM/Urdu