دبئی میونسپلٹی نے دو برس میں شہریوں کو 42 سو رہائشی پلاٹس فراہم کئے


دبئی ، 4 جنوری ، 2020 ، (وام) ۔۔ دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل داؤد الھاجری نے بتایا ہے کہ ان کے ادارے نے 2018 اور 2019 کے درمیان شہریوں کو مختلف علاقوں میں 42 سو رہائشی پلاٹس فراہم کئے ہیں اور ان پلاٹس کی فراہمی کا عمل نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کے مطابق انجام دیا گیا ہے – ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کی فلاح اور بھلائی کی خاطر حکومتی حکمت عملی و پالیسی کا حصہ ہے جو کہ اپنے شہریوں کو بہترین اور اعلی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ بلند معیار زندگی دینے کیلئے پرعزم ہے تاکہ معاشرے میں سماجی و اقتصادی استحکام کا اظہار بھی ہو – الھاجری نے بتایا کہ یہ رہائشی پلاٹس ندالشبا ون ، ام نھد ، العویر ، الخوانیج ، وادی الشبک المشرف اور الورقاء کے علاقوں میں شہریوں کو فراہم کئے گئے ۔ دبئی میونسپیلٹی ان مقامات پر بہتری سماجی اور شہری خدمات کی فراہمی کو بھی یقینی بنارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو پلاٹس کے حصول میں انتخاب کرنے کیلئے سمارٹ فون کی ایپلی کیشن بھی موجود ہے – دوسری جانب دبئی میونسپلٹی نے دبئی کے ولی عہد عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کے مطابق تمام سٹیڈیمز اور قریبی پارکس کی تعمیر کا عمل بھی مکمل کرلیا ہے ۔ الھاجری کے مطابق رواں سال شہری رہائشی علاقوں کے قریب مزید ایسے چالیس پارکس اور کھیل کے میدان تعمیر کئے جائیں گے ، دبئی میونسپلٹی شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے ، ایسے تمام مقامات کو ہر بنیادی ضرورت سے لیس رکھا جائے گا اور مسجد ، سکول ، پارک ، کھیل کے میدان ، کمرشل مراکز ، صحت مراکز ، لائبریری جیسی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://wam.ae/en/details/1395302814017

WAM/Urdu