امارات خلائی ایجنسی کا کرپٹو لیبز کےتعاون سےنیوسپیس انوویشن پروگرام شروع کرنے کا اعلان


ابوظبی، 11 جنوری، 2020 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی خلائی ایجنسی نے ابو ظبی میں قائم عالمی جدت کے مرکز کرپٹو لیبز کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا نیو سپیس انوویشن پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے کاروباروں کی ترقی کی رفتار تیز کرنا ہے۔ یہ پروگرام قومی خلائی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے اس منصوبے کے دائرے میں آتا ہے جس کا مقصد متحدہ عرب امارات کی معیشت میں خلائی صنعت کے کردار کو بڑھانا ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات کی خلائی ایجنسی اور کرپٹو لیبز کے مابین اس معاہدے مطابق ہے جس کا مقصد خلائی شعبے میں جدت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا اور متحدہ عرب امارات کی متنوع معیشت میں خلائی ٹیکنالوجی کا کردار بڑھانے کے خصوصی اقدامات کے بارے میں شعور کو فروغ دینا ہے۔ منتخب درخواست دہندگان ابوظبی میں کریپٹو لیب کے صدر دفتر میں تین ماہ کے انکیوبیشن پروگرام میں حصہ لیں گے۔ درخواست دہندگان کو نہ صرف لیب کی سہولیات بلکہ انوویشن مرکز کے سرمایہ کاروں کے مقامی اور عالمی نیٹ ورک تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔ پروگرام کے تحت عالمی خلائی ماہرین کی رہنمائی لی جائے گی جس سے کاروبار میں تخلیق سرگرمیوں، مارکیٹنگ اور فروخت کی مہارتوں کو فروغ ملے گا۔ درخواست دہندگان کو فنڈز کی فراہمی کا بھی موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے نئے کاروبار کے ساتھ مارکیٹ میں داخل ہوسکیں۔ اہل درخواست دہندگان کو ایک واضح تکنیکی نقطہ نظر کے ساتھ ایک جدید اور اصل خیال پیش کرنا ہوگا جو قابل عمل اور توسیع پذیر مصنوعات تیار کرتا ہے۔ ٹیموں میں کم از کم اماراتی ٹیم کا ایک ممبر ہونا ضروری ہے۔ پروگرام کے بارے میں متحدہ عرب امارات کی خلائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ناصر الاحبابی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نیو اسپیس انوویشن پروگرام طلباء، کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اپنے تجارتی نظریات شیئر کریں اور ان کو قابل عمل تجارتی مصنوعات میں تبدیل کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے متحدہ عرب امارات کے نجی اسپیس لائٹ نیو اسپیس سیکٹر کے ایک حصے کے طور پر خلائی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے جس کا مقصد خلاء کو زیادہ سے زیادہ سستا اور تجارتی طور پر قابل رسائی بنانا ہے۔ کریپٹو لیبز کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر صالح الہاشمی نے کہا کہ جدت طرازوں اور نوجوان کاروباری افراد کی مدد کرکے ہم عالمی چیلنجوں کو حل کرنے کے لئے نئے کاروباروں کی حوصلہ افزائی کے جذبے کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی خلائی ایجنسی میں خلائی پالیسی اور قانون سازی کے شعبہ کے ڈائریکٹر اور پروجیکٹ منیجر ناصر الراشدی نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد چار اسٹارٹ اپس کی افزائش اور اس میں تیزی لانا ہے جو متحدہ عرب امارات میں خلائی علوم کے لئے دلچسپی کی ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ غدان 21 ڈویلپمنٹ ایکسیلیٹر پروگرام کے مطابق ہے جس کا مقصد امارت ابوظبی کو جدت کا عالمی مرکز بنانا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://wam.ae/en/details/1395302815209

WAM/Urdu