منگل 11 اگست 2020 - 5:46:16 شام

ابو ظہبی فنڈ برائے ترقی کے افریقی ممالک کے ساتھ 33 ملین ڈالر کے قرض معاہدے

  • abu dhabi fund for development inks loan agreements worth us$33 million with african nations 3
  • abu dhabi fund for development inks loan agreements worth us$33 million with african nations 2
  • abu dhabi fund for development inks loan agreements worth us$33 million with african nations 1

ابو ظہبی ، 12 جنوری ، 2020 (وام) ۔۔ معاشی ترقی کی مدد کے نمایاں قومی ادارے ابو ظہبی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ ، اے ڈی ایف ڈی نے ٹوگو، نائجر اور لائبیریا کی حکومتوں کے ساتھ 33 ملین ڈالر مالیت کے تین قرض معاہدوں کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ ابوظہبی میں بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی ،ارینااسمبلی کے دسویں اجلاس کے موقع پر ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ اے ڈی ایف ڈی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی نے قرض کے تینوں معاہدوں پر دستخط کیے ۔اس موقع پرٹوگو کے وزیراقتصادیات وخزانہ سانی یایا،عرب امارات میں نائجر کے سفیراغادا غاربا،اور عرب امارات میں لائبیریاکے قونصل جنرل سیموئیل لانڈے بھی موجود تھے۔ اے ڈی ایف ڈی/اریناپروجیکٹ کے فریم ورک کے تحت اس سرمایہ کومغربی افریقی ممالک میں تین قابل تجدید توانائی منصوبوں میں لگایاجائے گا۔ 2.1 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے دیہی منصوبے کے لئے 10 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں جس سے نائجر کے 100 دیہاتوں کو فائدہ ہوگا۔ 8 ملین ڈالر لائبیریا میں دریائے جی منی ہائیڈرو پروجیکٹ کی مالی اعانت کے لئے مختص کئے گئے ہیں ، جب کہ ٹوگو میں 30 میگاواٹ کے بلٹا سولر پی وی منصوبے کے لئے 15 ملین ڈالر رکھے گئے ہیں۔ متبادل توانائی منصوبوں کے حوالےسے محمد السویدی نے کہا کہ "اے ڈی ایف ڈی کو اپنی قومی ترجیحات کے حصول میں ٹوگو ، نائجر اور لائبیریا کی حکومتوں کی مدد کرنے اور اقوام متحدہ کے’ پائیدار ترقیاتی اہداف کے ساتھ مطابقت رکھنے والے صاف توانائی کے متبادل منصوبوں کو آگے بڑھانے پر خوشی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ " تینوں منصوبوں سے سات لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ گھرانوں کو فائدہ پہنچاتے ہوئے طویل مدتی معاشی نمو کو فروغ دینے ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے ، اور مرکزی بجلی گھروں سے دور واقع چھوٹے دیہاتوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔"

سانی یایانے ، ٹوگو اور ترقی پذیر دنیا میں پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی مددکرنے پر اے ڈی ایف ڈی کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے سے سات سو چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور تقریبا 6لاکھ گھرانوں کو بجلی فراہم ہوگی۔ معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے سیموئیل لانڈے نے دریائے جی کاؤنٹی میں قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو فروغ دینے اور لائبیریا کے جنوب مشرقی خطے میں دیہی آبادی ،کاروبار، اداروں اور صنعتوں کے لئے سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اے ڈی ایف ڈی کا شکریہ ادا کیا۔ اے ڈی ایف ڈی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اغادا غاربا نے وضاحت کی کہ 100 دیہات میں شمسی بجلی کی فراہمی کایہ منصوبہ حکومت نائجر کی 200 دیہاتوں کو شمسی پی وی سسٹم کے ذریعہ بجلی فراہمی کی پالیسی میں معاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پائیدار منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد مستفید ہوں گے اور براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے دوسو پچاس مواقع پیدا ہوں گے۔

ترجمہ۔تنویر ملک

http://wam.ae/en/details/1395302815505

WAM/Urdu