متحدہ عرب امارات اور جاپان کے درمیان دوستی ہرسال بہتر ہورہی ہے: اماراتی سفیر


ٹوکیو، 13 جنوری، 2020 (وام) ۔۔ جاپان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر خالد عمران العمیری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور جاپان کے رہنماؤں کے باہمی دوروں، ان کے اسٹریٹجک اقدامات اور معاہدوں سے دونوں ملکوں کی دوستی ہر سال بہتر ہورہی ہے۔ امارات نیوز ایجنسی، وام کو جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے کے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے موقع پر ایک بیان میں العمیری نے کہا کہ یہ دورہ ابوظبی ایگزیکٹو کونسل کے نائب چیئرمین شیخ ھزاع بن زاید آل نھیان اور وزیر مملکت اور جاپان کیلئے خصوصی ایلچی ڈاکٹر سلطان بن احمد سلطان الجابر کی اکتوبر میں جاپان کے نئے شہنشاہ ناروہیتو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے نتیجے میں ہورہا ہے۔ العمیری نے کہا کہ تقریبا نصف صدی کی اس کامیاب شراکت کے دوران متحدہ عرب امارات اور جاپان مشترکہ وژن بنانے اور مجموعی تعاون کو بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں جاپان سے "خلیفہ سیٹ " سیٹلائٹ کا کامیاب لانچ اور اس سال مریخ کیلئے جانے والے مشن "ہوپ پروب" کا آغاز خلائی تحقیق کے شعبے میں موثر تعاون کا عکاس ہے اور اس سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں توانائی اب بھی اولین ترجیح ہے۔ اس شعبے میں دونوں ملکوں کی طویل مدت شراکت سے اس شعبے کو ترقی دینے ان کی معیشتوں کو متنوع بنانے میں مدد ملی ہے۔ العمیری نے کہا کہ ہم نئے مواقع کی تلاش کر کے جاپان کے ساتھ اپنی موجودہ طویل مدت شراکت کو مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302815913

WAM/Urdu