مصدر نے اسٹریلیا میں کوڑا کرکٹ سے بجلی بنانے کے منصوبے کے 40فیصد حصص حاصل کرلئے


ابوظبی، 14 جنوری، 2020 (وام) ۔۔ مبادلہ انوسٹمنٹ کمپنی کے ذیلی ادارے مصدر نےاسٹریلیا میں کوڑا کرکٹ اور فضلے سے توانائی بنانے کے منصوبے ڈبلیو ٹی ای کے 40 فیصد حصص حاصل کرلئے ہیں ۔ سرمایہ کاری کی شرائط کے تحت مصدر اور ابوظبی مشاورتی اور ترقیاتی کمپنی ٹرائب انفراسٹرکچر گروپ نے اپنی ابو ظبی گلوبل مارکیٹ میں قائم مشترکہ منصوبے ہولڈنگ کمپنی مصدر ٹرائب انرجی ہولڈنگز لمیٹڈ کے توسط سے فضلے سے توانائی بنانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اس حوالے سے ابوظبی ہفتہ استحکام کے موقع پر مصدر کے چیف فنانشل آفیسر نیال ہینیگن اور ٹرائب انفراسٹرکچر گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹر میک کرینور نے مشترکہ منصوبے کے ہولڈنگ کمپنی معاہدے پر دستخط کیے۔ 511 ملین اسٹریلین ڈالر کی لاگت سے گرین فیلڈ ایسٹ روکنگھم ریسورس ریکوری سہولت جو مغربی آسٹریلیا میں پرتھ سے 40 کلومیٹر جنوب میں روکنگھم انڈسٹری زون میں واقع ہوگی کا فنانشنل کلوز 23 دسمبر 2019 کو حاصل کیا گیا تھا اور اس کی تعمیر شروع ہوچکی ہے۔ ایسٹ روکنگھم ریسورس ریکوری پلانٹ سالانہ تین لاکھ ٹن تک نان ری سائیکلڈ میونسپل، تجارتی اور صنعتی فضلے اور 30,000 ٹن تک بائیوسولڈ کو پروسس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سہولت سے سالانہ تقریباََ 70,000 ٹن ایسی راکھ پیدا ہوگی جو سڑکوں اور دیگر تعمیراتی سامان میں استعمال کی جاسکے گی۔ اس سہولت سے 29 میگا واٹ بیس لوڈ قابل تجدید توانائی بھی پیدا ہو گی جو 36,000سے زیادہ گھروں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے کافی ہے۔ اسکے علاوہ یہ پلانٹ ہر سال تین لاکھ ٹن سے زیادہ CO2 کے اخراج کو روکنے میں مدد دے گا۔ منصوبے کے ایکویٹی سرمایہ کاروں میں Acciona Concesiones اور Hitachi Zosen INOVA ، HZI کے ساتھ برطانوی کمپنی John Laing Investmentsبھی شامل ہیں۔ اس منصوبے کی مالی اعانت کے لئے آسٹریلیائی قابل تجدید توانائی ایجنسی، ARENA نے 18 ملین ڈالر کی گرانٹ اور آسٹریلیاکی حکومت کی صاف توانائی فنانس کارپوریشن کی طرف سے 57.5 ملین ڈالر کا قرض فراہم کیا گیا ہے۔ مصدر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جمیل الرماہی نے کہا کہ آسٹریلیا تک ہماری رسائی کو وسعت دینے سے مصدر کی صاف توانائی کی سرگرمیوں اور کمپنی کے عالمی قابل تجدید توانائی پورٹ فولیو کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ آسٹریلیائی کا فضلے سے توانائی بنانے کا شعبہ عمدہ اور طویل مدت تجارتی مواقع فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر سال 2 ارب ٹن میونسپلٹی کچرا پیدا ہوتا ہے اور اس سے نمٹنا ایک عالمی چیلنج ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ہمیں مغربی آسٹریلیا کو بجلی کی پیداوار کے صاف وسائل فراہم کرنے میں مدد کرنے پر فخر ہے۔ ٹرائب انفراسٹرکچر گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹر میک کرینور نے کہا کہ انھیں مصدر کے ساتھ اپنی طویل المدت شراکت داری کا اعلان کرنے پر خوشی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ صاف ستھری توانائی کے انفراسٹرکچر حل کی فراہمی کے منتظر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس طرح کے متعدد ترقیاتی منصوبوں میں پہلے منصوبہ پر کام کر رہے ہیں اور مصدر کے ساتھ انکی شراکت آسٹریلیا کے لئے حکمت عملی کا لازمی جزو ہے۔ ای پی سی معاہدے کے تحت ایکیونا HZI کے ساتھ شراکت میں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ توقع ہے کہ اس منصوبے کی تعمیر میں 35 ماہ لگیں گے اور 2022 کے آخر تک یہ پلانٹ کام شروع کردیگا۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302816118

WAM/Urdu