جمعرات 24 ستمبر 2020 - 12:53:30 صبح

2020کے تین اہم واقعات میں براکہ جوہری پلانٹ، مریخ مشن اور دبئی ایکسپوشامل


ابوظبی، 22 جنوری، 2020 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات میں "2020: اگلے 50 کی جانب" کے تحت تین بڑے واقعات رونما ہونگے جن میں براکہ جوہری پلانٹ کا افتتاح، مریخ جانے والے تحقیقاتی مشن امید کا لانچ اور ایکسپو 2020 دبئی کی میزبانی شامل ہیں۔ اس رپورٹ میں امارات نیوز ایجنسی، وام نے رواں سال متحدہ عرب امارات کی طرف سے شروع کیے جانے والے اہم مستقبل کے منصوبوں کو اجاگر کیا ہے۔ 2020 کی پہلی سہ ماہی میں الظفرہ خطے میں براکہ نیوکلیئر پلانٹ کے پہلے آپریشنل مرحلے کا افتتاح ہوگا جس سے متحدہ عرب امارات جزیرہ نما عرب میں جوہری بجلی گھر بنانے اور توانائی کی فراہمی کے لئے تجارتی جوہری بجلی گھر کا استعمال کرنے والا پہلا ملک بن جائے گا۔ توقع ہے کہ خلائی مشن امید جولائی 2020 کے وسط میں مریخ کیلئے روانہ ہوگا۔ امید ہے کہ 200 دن کے متوقع سفر کے ساتھ یہ تحقیقاتی مشن ملک کی گولڈن جوبلی کے کے سال 2021 کی پہلی سہ ماہی میں مریخ پر پہنچ جائے گا۔ ایکسپو 2020 دبئی کی میزبانی متحدہ عرب امارات کے معاشی اور سیاحت کو مضبوط بنانے کا ایک موقع ہوگی۔ اس ایکسپو میں 25 ملین افراد کی آمد متوقع ہے جس میں 70 فیصد دوسرے ممالک سے ہونگے۔ اس نمائش سے نہ صرف دبئی اور متحدہ عرب امارات بلکہ پورے مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور جنوبی ایشیاء کے علاقوں میں بھی روزگار، تجارت اور سرمایہ کاری کے اہم مواقع پیدا ہوں گے۔ مالیاتی مشیر ارنسٹ اور ینگ کی ایک سٹڈی میں بتایا گیا ہے کہ نمائش میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری سے 2013 سے 2031 کی مدت کے دوران 122.6 ارب درہم کی آمدنی ہوگی۔ اسی مدت کے دوران اس میں ملازمت کے 905,000 مواقع بھی پیدا ہونگے ۔ متحدہ عرب امارات مستقبل کی پیش گوئی اور اس کے لئے تیار ہونے کے لئے پر اعتماد طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس حقیقت کا اظہار حکومت کے کاموں جیسے طویل مدت اسٹریٹجک منصوبوں کا مسودہ تیار کرنے، مصنوعی ذہانت کی اہمیت کے بارے میں آگاہی، علم پر مبنی معیشت اور چوتھے صنعتی انقلاب کی تیاری سے ہوتا ہے۔ متحدہ عرب امارات دنیا کے بہت سارے ممالک میں صاف اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے بھی شروع کر رہی ہے جو اسے اس شعبے میں ممتاز حیثیت فراہم کرتی ہیں۔ متحدہ عرب امارات اگلے 50 سال میں بہت سارے کلیدی منصوبے بھی شروع کرے گا جن میں خاص طور پر مریخ 2117 پروجیکٹ، متحدہ عرب امارات کی توانائی کی حکمت عملی 2050، واٹر سیکورٹی اسٹریٹجی 2036، قومی ترقیاتی سائنس کا ایجنڈا 2031 اور متحدہ عرب امارات کی مصنوعی ذہانت کی حکمت عملی شامل ہیں۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://wam.ae/en/details/1395302817999

WAM/Urdu