فلاحی شخصیت کی طرف سے اندھے پن کے علاج کیلئے 10.5 ملین درہم کا عطیہ


ابوظبی، 12 فروری، 2020 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی ایک فلاحی شخصیت بدر فارس الہلالی نے اندھے پن کے علاج کیلئے جاری مہم Reach کو 10.5 ملین درہم کا عطیہ دینے کے سلسلے میں معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں۔ انھوں نے اس عطیے کا اعلان گزشتہ سال نومبر میں ابوظبی میں Reaching the Last Mile Forum کے دوران کیا گیا تھا۔ بدر فارس الہلالی متحدہ عرب امارات کی امدادی اتھارٹی کے دفاتر میں دستخطوں کی تقریب کے لئے پہنچے تو ہلال احمر امارات کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد عتیق الفلاحی نے انکا استقبال کیا۔ Reach مہم اندھے پن کو ختم کرنے کے لئے اپنی نوعیت کا سب سے پہلا فنڈ ریزنگ پروگرام ہے۔ یہ مہم رواں ماہ کے اوائل میں متحدہ عرب امارات میں شروع کی گئی تھی۔ یہ مہم مستقبل کی سوچ رکھنے والے افراد، برانڈز اور کارپوریشنوں کی شراکت سے اس بیماری کے خاتمے کے لئے رقم اکٹھا کرنے کی خاطر ایک جدید نقطہ نظر اپنائے گی اور عوام کو اس بیماری کے بارے میں بھی آگاہی دے گی۔ بدر فارس الہلالی نے اپنی شراکت کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اس مہم کی حمایت کرنے اور اندھے پن کے خاتمے کے اس عظیم مقصد میں شامل ہونے پر بہت فخر ہے۔ الہلالی نے کہا کہ انھیں خاص طور پر متحدہ عرب امارات میں شروع کی گئی اس مہم پر خوشی ہے کیونکہ اس سے ہمارے فراخدلی کے کلچر کی عکاسی ہوتی ہے۔ ہلال احمر امارات کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد عتیق الفلاحی نے اس طرح کے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات انسان دوستی کے منصوبوں اور پروگراموں کی حمایت پر افراد اور کارپوریٹ اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس مہم کی بھرپور حمایت پر بدر فارس الہلالی کی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان جیسے بصیرت کے حامل افراد کے ذریعے ہی ہم متحدہ عرب امارات میں ایک حقیقی تحریک پیدا کرنے اور اندھے پن کو ختم کرنے کے اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ دنیا بھر میں 200 ملین سے زائد افراد کو اندھے پن کے علاج کی ضرورت ہے۔ اندھے پن کے باعث دنیا کی غریب طبقوں کے افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں جس سے وہ مزید غربت کی دلدل میں پھنستے چلے جاتے ہیں۔ اس مہم سے حاصل ہونے والی رقمReaching the Last Mile Fund تک پہنچنے گی جو افریقہ اور مشرق وسطی کے سات ممالک میں اس بیماری کی روک تھام اور علاج کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302823328

WAM/Urdu