متحدہ عرب امارات جدت میں عالمی تجربات سے سیکھنے کا خواہاں ہے: سلطان المنصوری


ابوظبی، 12 فروری، 2020 (وام) ۔۔ وزیر اقتصادیات سلطان بن سعید المنصوری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات جدت، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق اپنی قومی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں میں مختلف شعبوں میں بہترین بین الاقوامی تجربات سے استفادے کا خواہاں ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں فن لینڈ متحدہ عرب امارات کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے یہ بیان فن لینڈ سے ایک اعلی سطح وفد سے ملاقات کے دوران دیا جس کی سربراہی فن لینڈ کی وزیر اقتصادی امور میکا لنٹیلا نے کی۔ملاقات میں متحدہ عرب امارات میں فن لینڈ کی سفیر ماریانا نیسلا اور ایکسپو 2020 دبئی کیلئے فن لینڈ کے کمشنر جنرل سیویری کینالا بھی شریک تھے ۔ سلطان بن سعید المنصوری نے کہا کہ ہم عالمی اختراع میں فن لینڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں اور ہم دونوں ممالک کے مابین بہت سے مشترکہ عوامل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پائیدار ترقی سے متعلقہ شعبوں میں تعاون کے مزید جدید ماڈل تیار کرنے کے منتظر ہیں۔ ملاقات میں جدت کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں سرکلر معیشت، کوانٹم ٹیکنالوجی اور اس کی ایپلی کیشنزمیں اپنی تحقیقات اور سائنسی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے جدید ٹیکنالوجیز میں تیز رفتار تبدیلیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور توانائی، پانی، طبی تحقیق اور صحت کی دیکھ بھال سے متعلق ترقیاتی چیلنجوں کے حل پیدا کرنے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مستقبل کے تعاون کی نگرانی کے لئے ایک تکنیکی ٹیم تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے ایکسپو 2020 میں فن لینڈ کی شرکت اور خطے کے اہم ترین بین الاقوامی ایونٹ میں فن لینڈ پویلین قائم کرنے کے لئے جاری تیاریوں کے ساتھ ساتھ ایکسپو کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع سے موثر طریقے سے فائدہ اٹھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں وزراء نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور اور عالمی معاشی نمو پر ان کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا۔ المنصوری نے فن لینڈ کے تجربے کے بارے میں جاننے اور اسے مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں منتقل کرنے اور تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں اس کے اطلاق کے لئے متحدہ عرب امارات کی خواہش کا اعادہ کیا۔ فن لینڈ کی وزیر اقتصادی امور میکا لنٹیلا نے بتایا کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعاون کے امکانات خاص طور پر جدت طرازی، سرکلر معیشت اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈ نے اس سلسلے میں بڑی پیش قدمی کی ہے اور اس شعبے کے متعدد عالمی سرکردہ اداروں کے توسط سے اپنی صلاحیتوں کو ترقی دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302823561

WAM/Urdu