پیر 18 جنوری 2021 - 2:55:50 صبح

ابوظبی نے خوشی کے انڈیکس میں 7.72 پوائنٹس حاصل کرلئے


ابوظبی، 19 مارچ، 2020 (وام) ۔۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ادارے، ڈی سی ڈی نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق ابوظبی نے خوشی کے انڈیکس میں 7.72 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ عالمی سطح پر اوسط اسکور 6.5 پوائنٹس ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ابوظبی ڈنمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، ناروے اور سوئٹزرلینڈ جیسے متعدد ممالک کی اوسط اسکورنگ سے زیادہ ہے۔ ڈی سی ڈی کے مطابق تجزیے میں سب سے عام کیٹیگریز میں بوڑھے، ورکرز، خواتین، نوجوان، گھریلو ملازمین اور معذور افراد شامل ہیں۔ یہ اعدادوشمار معیار زندگی کے سوالنامے کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے بعد جاری کیے گئے تھے جس میں دنیا بھر کے ممالک سے بہتر زندگی اور شخصی بہبود اور خوشی کے اشاریے شامل ہیں۔ ڈی سی ڈی نے خوشی کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ابوظبی میں خوشی کا اوسط اسکور 1 سے 10 پوائنٹس تک مکمل اطمینان سے اوسط خوشی کے درمیان لیا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نتائج ابوظبی کی طرف سے ہر ایک کو خوشی، خوشحالی اور معاشرتی بہبود کے تمام ذرائع مہیا کرنے کی خواہش کے باعث حاصل ہوئے۔ ڈی سی ڈی کے مطابق "خوشی کا اشاریہ دنیا بھر کے ممالک کے مقابلے میں معیار زندگی کی جانچ کر کے اعداد و شمار کا زیادہ معقول تجزیہ کرتا ہے۔ تجزیے میں ہر فرد کی صحت کی مجموعی صورتحال، تعلیم، آمدنی اور معاشرتی حالات سے متعلق اعداد و شمار شامل ہیں۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر زندگی کا اطمینان کسی فرد کے جذبات کو مدنظر رکھ کر انفرادی فلاح و بہبود کے اشاریے کے طور پر ناپا جاتا ہے۔ نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ معذور لوگوں میں خوشی کا اسکور 10 میں سے 6.6 اوسط کے ساتھ سب سے کم رہا اور اسے مدنظر رکھتے ہوئے ڈی سی ڈی نے انکی خوشی کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت متعدد منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے ۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ادارے نے معیار زندگی کے سوالنامے کے دوسرے مرحلے کا بھی آغاز کردیا ہے جس کا مقصد ابوظبی میں سماجی خدمات کے شعبے کی سطح پر کارکردگی کے اہم اشاریے کی پیمائش کرنا ہے۔ سوالنامے کا مقصد زندگی کے معیار پر نظر رکھنا اور مختلف شعبوں میں رہائش کے حالات کو بہتر بنانا ہے۔ دوسرے مرحلے کے سوالنامے کے شرکا کی تعداد میں 55 فیصد اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302831821

WAM/Urdu