عبید حمید الطائر کی جی20وزراء خزانہ کے اجلاس میں شرکت


ابوظبی، 23 مارچ، 2020 (وام) ۔۔ وزیر مملکت برائے مالی امور عبید حمید الطائیر نے جی 20 وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے ساتھ ایک ورچول اجلاس میں شرکت کی اور خطے اور دنیا میں کورونا وائرس، COVID-19 کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے معاشی اور معاشرتی اثرات کم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کو یکجا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ الطائیر نے COVID-19 پھیلنے کے بعد پیش آنے والے بے مثال چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت عوام کی صحت کے تحفظ کے پیش نظر اس وبائی مرض کے اثرات کم کرنے کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات کے علاوہ کمپنیوں اور افراد کی مالی اعانت کررہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور نے کہا کہ یہ اجلاس وزراء خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز کو اس عالمی وبائی مرض کے بارے میں ردعمل اور اس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کی کوششوں کو مربوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرکے مستحکم نمو، پائیدار معاشی ترقی اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے COVID-19 کے مضمرات سے معیشت اور معاشروں کو بچانے کے لئے مختلف پالیسیوں پر غور کیا ۔ اجلاس میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے اس وبا کی روک تھام کے لئے احتیاطی مالی پالیسیوں اور ملک کے اندر افراد اور کاروباری افراد کی مدد کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ۔ ورچول اجلاس کا اہتمام سعودی عرب نے کیا تھا جو اگلے جی 20 سربراہی اجلاس کا میزبان ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302832456

WAM/Urdu