دبئی اکانومی نے کاروباری اداروں اورتجارتی سرگرمیوں کی بندش کی تفصیلات جاری کردیں  


دبئی ، 25 مارچ ، 2020 (وام) ۔۔ دبئی اکانومی نے کوویڈ- 19 کی وبا کے پیش نظر وزارت صحت و تدارک اور نیشنل ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعلان کردہ حفاظتی اقدامات کے مطابق امارت کے تجارتی اداروں کو آج سے دو ہفتوں کے لئے بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بدھ کے روز دبئی اکانومی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ، گروسری اسٹورز ، سپر مارکیٹس ، کوآپریٹو سوسائٹیز اور رہائشیوں کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے والی فارمیسیز کے علاوہ تمام دکانیں 25 مارچ سے 8 اپریل2020 تک بند رہیں گی ۔تاہم بند ہونے والے کاروبار بندش کے دوران آن لائن فروخت اور ای کامرس کی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔ دبئی اکانومی نے آج سے سپر مارکیٹوں ، کوآپریٹو سوسائٹیوں ، گروسری اسٹورز اور فارمیسیوں کو ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے کھلا رہنے کی اجازت دی ہے۔ تاہم ، ان دکانوں میں کسی بھی وقت خریداروں کی تعداد مکمل صلاحیت کی 30 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے اور صارفین کو ایک دوسرے سے دو میٹر کی دوری برقرار رکھنا ہوگی۔ کاروباری بندش کے ان احکامات کا اطلاق دبئی کے مرکزی بازاروں کے ساتھ ساتھ گلیوں اور شاپنگ مالز کی دکانوں پر ہوگا ۔ دبئی اکانومی کے مطابق مچھلی ، گوشت اور سبزی منڈی (سوائے سپر مارکیٹوں کو فراہم کرنے والے ہول سیلرز کے)، شیشہ کیفے، جمز اور فٹنس مراکز، تھیم پارک، تفریحی مراکز اور الیکٹرانک گیمز (ای گیمز) آؤٹ لیٹس ، سینما گھر ، مردوں اور خواتین کے سیلون ، مساج پارلر اور اسپا ، اور سپرنگ کیمپس بھی دو ہفتوں کے لیے بند رہیں گے۔بند ش سے مستثنیٰ کاروبار میں بیکریز ، کار ورکشاپ اور دیگر ورکشاپس ، لانڈریز ، تکنیکی اور بجلی سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے شامل ہیں۔ ریستورانز ، کیفے ، کیفٹیریاز ، کافی شاپس اور فوڈ سروسز کے ادارے بھی بند رہیں گے لیکن ہوٹلوں کے اندر اور ہوٹلوں کے اپارٹمنٹس میں کام کرنے والے ریستوران اور کیفے اپنے مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ کھانے کی ترسیل اور ٹرانسپورٹ سروسز کھلی رہ سکتی ہیں۔ صارفین ریستورانز کو ٹیک وے اور ڈلیوری کا آرڈر دے سکتے ہیں۔ شاپنگ مالز کے اندر موجود ریستورانز مال انتظامیہ کی منظوری کے بعد ٹیک وے اور ڈلیوری کی خدمات پیش کرسکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے مزید ہدایت جاری ہونے تک بینک اپنا معمول کا کام جاری رکھیں گے۔ صفائی ستھرائی اور سماجی دوری سے متعلق رہنما اصولوں پر کاربند رہتے ہوایکسچینج ہاوسزاور کلینک بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ دبئی اکانومی کاروباری بندش کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کی مہم چلائے ۔ ترجمہ۔ تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302832795

WAM/Urdu