پیر 13 جولائی 2020 - 10:29:24 صبح

وام نے پانچ نئی زبانوں میں خبروں کی فراہمی شروع کردی


ابوظبی، 31 مئی 2020 (وام)۔۔ امارات نیوز ایجنسی، وام نے اپنی نیوز سروس میں پانچ نئی زبانیں شامل کرکے اس کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا ہے۔ سری لنکا کی (سنہالا)، ملیالم، انڈونیشیائی، بنگالی اور پشتو زبانوں میں سروس کی فراہمی سے وام کی کوریج کا دائرہ کار یہ زبانیں بولنے والے تقریبا 551 ملین لوگوں تک پھیل گیا ہے۔ نئی زبانوں کا اضافہ متحدہ عرب امارات کے میڈیا کے شعبے کو ترقی دینے اور اس کی صلاحیت کو مستحکم کرنے کے لئے نیشنل میڈیا کونسل، NMC کے وژن کے مطابق اور نیوز سروسز ڈویلپمنٹ پلان کے حصول کے لئے وام کی کوششوں کا حصہ ہے۔ وام خبر رساں ایجنسی کی طرف سے پہلے سے 13 زبانوں میں فراہم کی جانے والی خبروں میں ان پانچ نئی زبانوں میں سروس شروع کرنے کا مقصد میڈیا کی وسیع پیمانے پر کوریج کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے پیغام کو پوردی دنیا میں فروغ دینا اور مختلف قومیتوں اور مذاہب کے مابین پرامن بقائے باہمی کے بین الاقوامی ماڈل کے طور پر ملک کے ممتاز مقام کو برقرار رکھنا ہے۔ نیشنل میڈیا کونسل، NMC کے چیئرمین ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر نے کہا کہ ان نئی زبانوں کا اضافہ متحدہ عرب امارات کے میڈیا کے شعبے کو ترقی دینے اور اس کی علاقائی اور بین الاقوامی حیثیت کو مستحکم کرنے کے ہمارے وژن اور خواہش کے مطابق ہے۔ انھوں نے کہا کہ18 زبانوں میں نیوز سروسز پیش کرنے کا مقصد دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ہماری اقدار اور قومی مفادات پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث دنیا کو درپیش موجودہ حالات میں علم کی حفاظت اور جھوٹی خبروں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ وام کی نیوز سروسز کا دائرہ وسیع کرنے سے معتبر سرکاری اور قابل اعتماد خبروں کی فراہمی کے ایسے ذرائع کو تقویت ملے گی جن کا خاصہ درست اور مستند اطلاعات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نئی زبانوں سے نہ صرف ثقافتی تنوع کو فروغ ملے گا بلکہ متحدہ عرب امارات کے ثقافتی تنوع کو بھی تقویت ملے گی۔ ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر نے کہا کہ ہم عوام کے بڑے حصے تک پہنچنے کے لئے نئے چینلز اور ٹولز بنانے کے اسٹریٹجک منصوبوں کے فریم ورک کے تحت اپنی خدمات میں بتدریج بہتری لارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر متحدہ عرب امارات کے کردار کو تقویت بخشنے کیلئے اعلی معیار کے مواد کی فراہمی کیلئے کاوشیں جاری رکھیں گے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302845419

WAM/Urdu