منگل 14 جولائی 2020 - 11:50:01 صبح

مصر اور متحدہ عرب امارات کالیبیا کے فریقین کا جنگ بندی کیلئے مذاکرات پر رضامندی کا خیرمقدم


ابوظبی، 02 جون2020 (وام)۔۔ مصرکے وزیر خارجہ سامع شکری اور متحدہ عرب امارات کے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے اقوام متحدہ کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کی نیشنل آرمی، ایل این اے اور قومی معاہدے کی حکومت، جی این اے نے جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ دونوں ملکوں کے وزراء خارجہ نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے لیبیا کے تمام حصوں میں امن، سلامتی اور استحکام کیلئے سیاسی حل پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ گفتگو کے بعد ایک مشترکہ بیان میں مصر کی وزارت خارجہ اور متحدہ عرب امارات کی خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کی وزارت نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں سیاسی عمل اور لیبیا کے بارے میں برلن کانفرنس کے احترام پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیاسی عمل ہی لیبیا میں امن کے حصول اور اتحاد اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کا واحد حل ہے۔ متحدہ عرب امارات اور مصر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ لیبیا کے عوام اور ان فریقوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو معصوم شہریوں کی جانوں کی حفاظت اور لیبیا میں استحکام کے حصول کے لئے امن کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302846009

WAM/Urdu