جمعرات 13 اگست 2020 - 12:25:40 صبح

براکہ جوہری پلانٹ کے یونٹ ون کی کامیابی قابل فخر لمحہ ہے:خلیفہ بن زاید


ابوظبی، یکم اگست،2020 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زایدآل نھیان نے پرامن جوہری توانائی کے لئے عرب دنیا کے پہلے براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کے یونٹ 1 کے کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے اسے متحدہ عرب امارات کے پرامن جوہری توانائی پروگرام کی تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مریخ تحقیقاتی مشن کے لانچ کے چند دن بعد حاصل کیا جانے والا یہ سنگ میل اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ہماری ریاست اماراتی کارکنوں کی رہنمائی میں تمام شعبوں میں علم کی بنیاد پر متناسب منصوبوں کے ساتھ مستقل طور پر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس پروگرام کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ پروگرام ہمارے سائنسی تحقیقی اداروں کو علم کی دولت اور وسیع تجربہ سے لیس کرتا ہے۔ انھوں نے اس کامیاب سنگ میل پر اپنے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مستقبل کے لئے ہمارے وژن کو عملی شکل دے گا۔ انکا کہنا ہے ہم اپنے ان ماہرین اور کارکنوں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے وژن اور مقاصد کو حقیقت کی شکل دی اور اس پر پوری دنیا فخر محسوس کرے گی۔ صدر شیخ خلیفہ نے کہا کہ خوش قسمتی سے جو کچھ ہم نے آج اور حال ہی میں حاصل کیا ہے وہ ہماری قوم کے تاریخی اتحاد کی علامت گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس کامیابی پر فخر ہے اور اپنے نوجوان سائنس دانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔ انکا کہنا ہے کہ یہ لمحہ ہمارے بہترین لمحوں میں سے ایک ہے جسے آنے والی نسلیں بڑے فخر کے ساتھ یاد رکھیں گی۔ صدر مملکت نے اس کامیابی پر فخر اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمارے بچوں کو اسی ارادے اور عزم کے ساتھ بقیہ مشن کی تکمیل میں آگے بڑھنے کا جوش اور مضبوط حوصلہ ملتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری ریاست کا خیال ہے کہ سائنس اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کرنا مستقبل کو جیتنے اور پہنچانے کے لئے ایک کامیاب شرط ہے۔ صدر مملکت نے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان، سپریم کونسل کے ارکان اور امارات کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے عوام کو اس پروقار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس موقع پر شیخ زاید بن سلطان آل نھیان مرحوم اور دوسرے بانی رہنماؤں کو یاد کرنا چاہیئے جنہوں نے ایک ایسی ریاست کی ٹھوس بنیاد رکھی جو مستقبل کی طرف گامزن ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302859664

WAM/Urdu