منگل 29 ستمبر 2020 - 6:59:34 شام

عرب امارات کا عالمی امن کے قیام میں علاقائی و بین الاقوامی تعاون کی حمایت کے عزم کا اعادہ


نیویارک ، 10 ستمبر ، 2020 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں عالمی امن ، سلامتی اور خوشحالی کے مشترکا مقاصد کے حصول کی خاطر علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کی بھرپور حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے – اقوام متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں خصوصا او آئی ایف کے درمیان تعاون سے متعلق کھلی بحث کے دوران متحدہ عرب امارات کا تحریری بیان پیش کیا گیا ، اس میں عرب امارات نے اس تنظیم کے کردار کو سراہا اور فرانسیسی زبان بولے جانے والے ممالک میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں اس تنظیم کے اقوام متحدہ کے اقدامات کیلئے تعاون کی تعریف کی – بیان میں کہا گیا تھا کہ علاقائی تنظیموں کو امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے میں خصوصی برتری حاصل ہوتی ہے ، جغرافیائی قربت اور تاریخی و ثقافتی تعلق کی وجہ سے ایسی تنظیمیں تصادم کے پرامن حل میں بہت تعمیری کردار ادا کرنے کی حامل ہوتی ہیں – متحدہ عرب امارات نے کہا کہ یواین سلامتی کونسل کو علاقائی تنظیموں کے ساتھ تعاون کو مزید تقویت دینا چاہیئے ، ایسی تنظیمیں جلد انتباہ دینے کی صلاحیت کی حامل ہوتی ہیں جس کی وجہ سے امن و سلامتی کے امور کو زیادہ موثر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے ۔ عرب امارات نے امن کے قیام میں یواین اور علاقائی تنظیموں کی رابطہ کاری کو بھی اہم قرار دیا اور اس تناظر میں او آئی ایف اور یواین محکمہ برائے امن آپریشنز اور محکمہ آپریشنل سپورٹ کے تعاون کو سراہا ۔ متحدہ عرب امارات نے یواین ویمن کے تعاون سے خواتین ، امن و سلامتی کے موضوعات میں کیڈٹس کو متعدد زبانوں میں تربیت دینے کے موقع بھی بیان کیئے – عرب امارات کا کہنا تھا کہ علاقائی تنظیموں کو بھی امن و سلامتی کے امور میں نوجوانوں کے مثبت کردار کو فروغ دینا چاہیئے ، نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرکے زیادہ بہتر پرامن اور متحرک معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے اور یہ شدت پسندی و تشدد کی روک تھام میں بھی معاون ہوتا ہے – متحدہ عرب امارات نے او آئی ایف کی ایسوسی ایٹ رکنیت 2018 میں اختیار کی تھی جبکہ 2010 میں وہ اس تنظیم میں بطور مبصر ملک شامل ہوا تھا – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://www.wam.ae/en/details/1395302868782

WAM/Urdu